وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امن کا قیام ہی پاکستان کی ترجیح ہے لیکن اس کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی سمجھتا ہے اور دہشت گردی کی جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دے چکا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی برداشت نہیں کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے انڈیا کا نام لیے بغیر کہا کہ مشرقی ہمسایہ ملک بغیر کسی تحقیقات کے بے بنیاد الزام تراشی کر رہا ہے اور اس سلسلے کو بند ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات میں تعاون کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار داد کے مطابق پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا رہے گا۔وزیراعظم نے انڈیا کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے حوالے سے کہ پانی کی فراہمی کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پانی کے بہاؤ کا رخ موڑنے کی کسی بھی قسم کی کوشش کا پوری قوت سے مقابلہ کریں گے، کوئی بھی کسی غلط فہمی کا شکار نہ رہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری مسلح افواج ملک کی خودمتاری اور علاقائی سلامیت کے دفاع کے لیے تیار ہیں اور ملک کے چپے چپے کے دفاع کے لیے 22 کروڑ کی آبادی بہادر افواج کے پیچھے کھڑی ہے۔