افغانستان سے دراندازی کرنے والے 54 شدت پسند مارے گئے: آئی ایس پی آر

image
پاکستان کی فوج اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ افغانستان سے شمالی وزیرستان میں داخل ہونے والے 54 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

اتوار کی سہ پہر پاکستانی افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا کہ ’خوارج کے ایک بڑے گروہ کی نقل و حرکت سکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں دیکھی، جو پاکستان میں افغانستان کی سرحد سے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔‘

فوج کے بیان کے مطابق ’اپنے دستوں نے مؤثر طریقے سے ان کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا۔ اور کارروائی میں تمام دراندازوں کو ہلاک کر دیا۔ مارے گئے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔‘

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ’انٹیلیجنس رپورٹس بتاتی ہیں کہ خوارج کا یہ گروپ خاص طور پر اپنے غیر ملکی آقاؤں کی ایما پر پاکستان کے اندر ہائی پروفائل دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے کے لیے دراندازی کر رہا تھا۔ فتنہ الخوارج کی اس طرح کی کارروائیاں، ایسے وقت میں جب انڈیا پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے، صاف ظاہر کرتی ہیں کہ یہ گروہ کے کس کے اشارے پر کام کر رہا ہے۔ ایسے اقدامات ریاست اور اس کے شہریوں کے خلاف غداری کے مترادف ہیں۔‘

دوسری جانب پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی میں لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’جب یہ پوری طرح سے پاکستان کی سرحد میں اندر آ گئے تو تین اطراف سے ہمارے جوانوں نے ان پر حملہ کیا کیونکہ ہم اپنی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پہلے ہی تیار تھے۔‘

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں افغانستان سے دراندازی کرنے والے شدت پسندوں کو ایک ہی کارروائی میں مارا گیا ہے۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.