سندھ میں نئی نہریں نکالنے کا معاملہ، مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 2 مئی کے بجائے آج طلب

image
وزیراعظم آفس کے مطابق حکومت سندھ کی گزارش پر مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے اجلاس کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے اور اب یہ اجلاس آج شام سات بجے طلب کیا گیا ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم نے ابتدائی طور پر اجلاس دو مئی کو بلایا تھا تاہم سندھ حکومت کی درخواست پر تاریخ میں ردوبدل کیا گیا۔ آج کے اجلاس میں دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے منصوبے کو ختم کرنے کی وفاقی اور سندھ حکومت کی جانب سے مشترکہ تجویز پیش کی جائے گی۔

مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کو آج بلائے جانے کے معاملے پر سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سی سی آئی میں آج کینالوں کے معاملے کا فیصلہ ہو جائے گا، جبکہ سندھ کی جانب سے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعظم کے درمیان ملاقات ہوگی جس میں کینالوں کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا، اور یہ مسئلہ ختم کر دیا جائے گا۔

اجلاس آج بلانے کی وجہ کیا ہے؟

دو مئی کے بجائے آج یعنی 28 اپریل کو مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلائے جانے کے معاملے پر حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی، یعنی سندھ حکومت، کینالز نہ بنانے کے معاملے پر حتمی فیصلہ چاہتی ہے تاکہ غیریقینی صورتحال کا خاتمہ ہو اور سندھ میں جاری احتجاجی مظاہرے بھی رک جائیں۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت سندھ کی درخواست پر آج ہی مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلایا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دریائے سندھ سے نئی نہریں نکالے جانے کے معاملے پر تفصیلی بات چیت ہوئی تھی۔

اسی ملاقات میں حکومت سندھ کے تحفظات کی روشنی میں مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

جمعرات کو بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ ’ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں فیصلہ نہیں ہوتا، کوئی نئی نہر نہیں بنائی جائے گی۔‘

دریائے سندھ پر نہروں کے منصوبے کے حوالے سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں گزشتہ چند ہفتوں سے شدید کشیدگی جاری تھی۔ 

حکومت کی جانب سے بارہا تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کے باوجود پیپلز پارٹی منصوبے کو مکمل طور پر ختم کرنے کے اپنے مطالبے پر مصر رہی۔

گزشتہ چند دنوں کے دوران سندھ کے طول و عرض میں دریائے سندھ پر نہریں بنانے کے منصوبے کے خلاف بڑے احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے۔


News Source   News Source Text

پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts