انڈیا کے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے کہا ہے کہ پہلگام حملے کے ذمہ داروں اور منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق انڈین وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے بدھ کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ بات چیت کے بعد ایک بیان میں کہا کہ حملے کے مجرموں، پشت پناہی کرنے والوں اور منصوبہ سازوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔‘
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بدھ کو پاکستان سے پہلگام کے مقام پر ہونے والے حملے کی مذمت کرنے کا کہا ہے اور زور دیا ہے کہ وہ واقعے کی تحقیقات میں تعاون کرے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور اپنے انڈین ہم منصب سبرامنیم جے شنکر سے بدھ کو رابطہ کیا اور شدّت پسندی سے نمٹنے کے لیے انڈیا کی حمایت کا اظہار کیا۔
انہوں نے انڈیا اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ پہلگام حملے کے بعد کشیدگی کو کم کرنے کے لیے مل کر کام کریں۔
دونوں رہنماؤں سے الگ الگ گفتگو کے بعد امریکی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مارکو روبیو نے پاکستان سے پہلگام حملے کی مذمت کرنے کا کہا ہے۔
امریکہ نے انڈیا اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ پہلگام حملے کے بعد کشیدگی کو کم کرنے کے لیے مل کر کام کریں (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق مارکو روبیو نے ’اس غیر ذمہ دارانہ حملے کی تحقیقات میں پاکستانی حکام سے تعاون پر زور دیا ہے۔‘
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے جوہری ہتھیاروں سے لیس پڑوسیوں پر زور دیا کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ ’کشیدگی کو کم کرنے، براہِ راست رابطے بحال کرنے اور امن برقرار رکھنے کے لیے‘ کام کریں۔واشنگٹن نے دوسرے ممالک پر بھی زور دیا کہ وہ کشیدگی کو کم کرنے میں تعاون کریں جبکہ انڈیا اور پاکستان کو معاملے کا ’ذمہ دارانہ حل‘ نکالنے کا کہا ہے۔