اسمارٹ فونز بنانے والی فن لینڈ کی کمپنی ایچ ایم ڈی اور بھارتی موبائل کمپنی لاوا نے مستقبل میں ایسے اسمارٹ فونز پیش کرنے کا اعلان کردیا جن پر ٹی وی چینلز بھی چلائے جا سکیں گے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق ممبئی میں ہونے والی ایک کانفرنس کے دوران دونوں موبائل فونز کمپنیز نے جلد ہی ایسے فونز پیش کرنے کا اعلان کیا جو کہ ٹی وی چینلز چلانے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔
کمپنیز کے مطابق ان کے اسمارٹ فیچر فونز ایسی ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گے جو الٹرا ہائی فریکوئنسی (یو ایچ ایف) کو کیچ کریں گے، جس کی بدولت ٹی وی چینلز بھی چلائے جا سکیں گے۔
کمپنیز کے مطابق ان کے فونز ڈائریکٹ ٹو موبائل (ڈی ٹو ایم) نامی ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گے، جس کے تحت فونز انٹرنیٹ، وائی فائی اور یہاں تک موبائل سگنلز نہ ہونے کے باوجود بھی ٹیلی وژن نشریات چلانے کے قابل ہوں گے۔
کمپنیز کا کہنا تھا کہ ان کے اسمارٹ فونز منی ٹی وی سیٹ سمیت کمپیوٹر اور موبائل کا کام سر انجام دیں گے اور لوگ چلتے پھرتے، کہیں اور کسی وقت بھی اپنے پسندیدہ ٹی وی چینلز انٹرنیٹ کے بغیر ہی دیکھ سکیں گے۔
کمپنیز نے واضح نہیں کیا کہ کب تک ان کے موبائل فونز مارکیٹ میں دستیاب ہوں گے، تاہم امکان ہے کہ اسے فونز کو مارکیٹ میں پیش کرنے کے لیے مزید چند سال درکار ہوں گے۔
دونوں کمپنیز کی جانب سے ٹیلی وژن نشریات چلانے والے فونز کو پیش کیے جانے کے اعلان کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ دوسری کمپنیاں بھی اسی ٹیکنالوجی سے لیس فونز متعارف کرائیں گی۔