پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی۔
رپورٹ کے مطابق سیلاب کے باعث 11 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں 4 مرد، 3 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور فلیش فلڈ سے سوات میں سب سے زیادہ نقصان ہوا۔ صوبے کے متاثرہ علاقوں میں مجموعی طور پر 56 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 50 گھروں کو جزوی نقصان ہوا جبکہ 6 گھر مکمل تباہ ہوگئے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے سوات میں خوازہ خیلہ کے مقام پر سیلابی صورتحال کا سامنا رہا۔
پی ڈی ایم اے نے نوشہرہ اور چارسدہ کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال یا سیلاب سے قبل پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔