نوشکی: آتشزدگی میں جھلسنے والے پانچ افراد دم توڑ گئے، ہلاکتوں کی کُل تعداد چھ

image
بلوچستان کے ضلع نوشکی میں تیل بردار ٹرک میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں جھلسنے والے مزید پانچ افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے جس کے بعد واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد چھ ہوگئی ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے میں 40 سے زائد افراد جھلس کر زخمی ہوئے تھے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے کوئٹہ منتقل کیا گیا۔ ان میں سے بعد ازاں 24 شدید زخمیوں کو پاک فضائیہ کے سی-130 طیارے کے ذریعے کراچی منتقل کیا گیا۔ جہاں تین افراد دورانِ علاج دم توڑ گئے جبکہ دو زخمی کوئٹہ کے سول اسپتال میں چل بسے۔

مرنے والوں میں فائر بریگیڈ کے دو اہلکار عبدالرزاق سرپرہ اور محمود احمد بھی شامل ہیں۔

ایس ایچ او نوشکی حسن مینگل نے بتایا کہ اب تک پانچ زخمی دم توڑ چکے ہیں جبکہ ٹرک ڈرائیور موقع پر ہی جھلس کر ہلاک ہوگیا تھا۔ باقی زخمیوں میں سے کئی کی حالت بدستور تشویشناک ہے جو کراچی اور کوئٹہ کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق بیشتر زخمیوں کے جسم کا 50 سے 90 فیصد حصہ جل چکا ہے۔

یہ واقعہ پیر کو نوشکی کے ٹرک اڈہ میں اس وقت پیش آیا تھا جب ایک مزدا ٹرک میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

ٹرک میں ایک خفیہ ٹینکی نصب کی گئی تھی جس کے ذریعے غیر قانونی طور پر ایرانی تیل کی اسمگلنگ کی جاتی تھی۔

آگ لگنے کے بعد ایک نامعلوم شخص ٹرک کو آبادی سے دور لے گیا تاہم تیل کی ٹینکی پھٹنے سے آگ مزید پھیل گئی اور آگ بجھانے کی کوششیں کرنے والے فائر بریگیڈ اور پولیس اہلکاروں سمیت قریب موجود درجنوں افراد لپیٹ میں آگئے۔

بلوچستان حکومت نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔

ایس ایچ او نوشکی حسن مینگل نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ٹینکی میں لیکج کے باعث ڈرائیور اسے ویلڈنگ کے لیے لے گیا تھا جہاں دورانِ مرمت آگ لگ گئی۔ پولیس نے زخمی ویلڈر کا بیان قلمبند کرنے کے لیے ٹیم کوئٹہ بھیج دی ہے۔

بلوچستان میں اس سے قبل بھی ایرانی تیل کی غیر محفوظ طریقے سے سمگلنگ کے دوران کئی جان لیوا حادثات پیش آچکے ہیں۔

مقامی صحافیوں کے مطابق نوشکی میں آبادی کے اندر درجنوں غیرقانونی پٹرول پمپس موجود ہیں اس کے علاوہ ایرانی تیل کی دو سو سے زائد دکانیں ٹرک اڈے کے اندر قائم ہیں جہاں حفاظتی اقدامات کے بغیر تیل لوڈ اور ان لوڈ کیا جاتا ہے ۔ اس واقعہ کے باوجود یہ سلسلہ جاری ہے۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.