بھارت کے تجارتی جہازوں کی پاکستانی بندرگاہوں پر داخلے پر پابندی عائد

image

حکومت پاکستان نے بھارتی پابندی کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی جہازوں پاکستان کی تمام بندرگاہوں پر آمد پر پابندی عائد کردی، وزارت بحری امور کے فیصلے کے مطابق پاکستانی جہاز بھی بھارتی بندرگاہوں کا رخ نہیں کریں گے۔ وزارت بحری امور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بھارتی پرچم بردار جہازوں کی داخلے پر پابندی کا فیصلہ پاکستان کی بحری خودمختاری، قومی سلامتی اور اقتصادی مفادات کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

وفاقی وزارت بحری امور نے پاکستانی بندرگاہوں پر بھارتی پرچم بردار جہازوں کی آمد پر پابندی عائد کی ہے، موجود صورتحال کے پیش نظر بھارتی فلیگ کیریئرز کو پاکستانی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، کسی بھی معاملے پر استثنیٰ کا فیصلہ کیس ٹو کیس کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

اس سے قبل بھارت نے پاکستان سے براہِ راست اور بالواسطہ ہر طرح کی درآمدات پر پابندی لگادی تھی، دہلی سرکار نےفیصلہ کیا تھا کہ پاکستان سےکوئی خط اور پارسل تک وصول نہيں کیا جائے گا۔

بھارتی وزارت تجارت کے نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان سے کسی بھی طرح کے سامان کی براہِ راست یا کسی اور ملک کے راستے امپورٹ کرنے پر پابندی ہوگی۔

بھارتی وزارت تجارت کے حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ پاکستان سے کسی ضروری سامان کی درآمد کا استثنیٰ بھارتی حکومت کی اجازت سے مشروط ہوگا۔

واضح رہے کہ 22 اپریل کو پہلگام میں مقامی سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے بے جا الزام تراشی اور اشتعال انگیزی کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور سفارتی عملے کو 30 اپریل 2025 تک بھارت چھوڑنے کی ہدایت کی تھی، اس کے علاوہ بھی مودی سرکار نے پاکستان کے حوالے سے کئی جارحانہ فیصلے کیے، جن میں پاکستانیوں کے ویزوں کی منسوخی بھی شامل ہے جبکہ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

جس کے جواب میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت سے تجارت اور واہگہ بارڈر کی بندش کرنے کا فیصلہ کیا، علاوہ ازیں بھارتی ایئرلائنز کے لیے پاکستانی فضائی حدود بھی بند کردی گئی، اور بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹے میں پاکستان چھوڑ دینے کا حکم دیا گیا تھا۔

30 اپریل کو وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے خبردار کیا تھا کہ مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق بھارت پہلگام واقعے کو جواز بنا کر اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں جارحیت کا ارادہ رکھتا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات نے دوٹوک پیغام دیا تھا کہ کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

عطا اللہ تارڑ نے رات گئے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ پاکستان، بھارت کا خطے میں مدعی، منصف اور جلاد کا خود ساختہ کردار سختی سے مسترد کرتا ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.