پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان میں داخل ہونے والے ڈرونز پاکستانی فوج نے مار گرائے۔جمعرات کی شام ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ پریس بریفنگ میں نائب وزیراعظم نے بتایا کہ مسلح ڈرونز نے پاکستان کی حدود کی خلاف ورزی کی اور مختلف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ ’ان ڈرونز نے راولپنڈی میں پاکستان سپر لیگ کے وینیو کرکٹ سٹیڈیم کو بھی نشانہ بنایا۔‘اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستانی فضائیہ کی جانب سے جو پانچ انڈین طیارے گرائے گئے تھے وہ انڈیا سے ہضم نہیں ہو رہے ہیں اس لیے انہوں نے جھوٹا بیان جاری کیا کہ پاکستان نے کل رات انڈیا کے اندر حملے کیے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ انڈیا نے یہ جعلی سٹوری آج کے ڈرون حملوں کو جواز دینے کے لیے بنائی۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ انڈیا نے کل رات چار میزائل پاکستان کی طرف فائر کیے جن میں سے ایک پاکستان کی حدود میں داخل ہوا جو گجرات کے علاقے ڈنگہ میں گرا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان میں سے تین میزائل انڈین پنجاب میں ہی گرے اور اس کا مقصد سیاسی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ انڈیا کی جانب سے کل رات پاکستان کے حملے کی خبر جھوٹی ہے۔ (فوٹو: سکرین گریب)
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ انڈیا کی جانب سے کل رات پاکستان کے حملے کی خبر جھوٹی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر انڈین ایئرڈینفس اتنا اچھا ہے کہ وہ ہر چیز کو نیوٹریلائز کر دیتی ہے تو ان کے پانچ طیارے کیسے گرے؟لیفٹننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان خود ہی اپنی پسند کے وقت، ہدف اور جگہ کا تعین کرکے انڈین جارحیت کا جواب دے گا۔ ’پاکستان جب جواب دے گا تو انڈیا یا اس کے میڈیا کو بتانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ پوری دنیا کو خود پتہ چل جائے گا۔‘انہوں نے انڈین حکومت پر زور دیا کہ وہ ڈراموں اور تھیٹریکس سے نکل کر حقیقت کی دنیا میں آئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ انڈیا کے ڈرون حملوں میں تین افراد ہلاک اور چار زخمی ہوئے ہیں۔