اسرائیلی حملہ خطے کو مزید عدم استحکام سے دوچار کر سکتا ہے: وزیراعظم شہباز شریف

image
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ سنگین اور غیر ذمہ دارانہ اقدام انتہائی تشویشناک ہے۔‘

جمعے کو ایکس پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’اسرائیل کی جانب سے ایران پر بلااشتعال حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ یہ حملہ خطے کی نازک صورتحال کو مزید عدم استحکام سے دوچار کر سکتا ہے۔‘

انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’مزید کشیدگی روکنے کے لیے مؤثر اور فوری اقدام کی اشد ضرورت ہے۔ خطے اور دنیا کے امن کو لاحق خطرات پر گہری تشویش ہے۔‘

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی اپنے بیان میں ایران کے خلاف اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کُھلی خلاف ورزی ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کی بھی سراسر خلاف ورزی ہے۔ میں حملے میں جانوں کے ضیاع پر ایران کے عوام کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔‘

اسرائیل کے گھناؤنے اقدام نے بین الاقوامی قانون کی بنیادیں ہلا دیں: اسحاق ڈار

پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملے ایران کی خود مختاری کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔

جمعے کو ایکس پر اپنے پیغام میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

’اس گھناؤنے اقدام نے بین الاقوامی قانون کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں اور انسانیت کے اُصولوں کو جھنجھوڑا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام خطے کے امن اور عالمی سلامتی کےلیے سنگین خطرہ ہے۔

اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ’ہم نے ایران میں اپنے شہریوں/ زائرین کی حفاظت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے وزارت خارجہ میں  کرائسز مینجمنٹ یونٹ  کو فعال کر دیا ہے۔‘

وزیر خارجہ نے کہا کہ تہران میں پاکستانی سفارتخانے کو بھی کمیونٹی ممبرز/ زائرین کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اسرائیلی حملے کے خلاف قرارداد منظور

سینیٹ اور قومی اسمبلی میں ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے۔ 

جمعے کو چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت اجلاس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قرارداد پیش کی۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے بینالاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے کنونشن کی خلاف ورزی کی، اسرائیل کا جنگی اقدام کرم ہے جس نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔‘

اُدھر قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ ’اسرائیل کی طرف سے ایران پر حملہ ہوا ہے ہم اس کی مذمت کرنا چاہتے ہیں۔‘

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ’ایوان اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے اور ایران کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔‘ (فوٹو: اے پی پی)

قومی اسمبلی میں اسرائیل کے ایران پر حملے کے خلاف قرارداد سید نوید قمر نے پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ’یہ ایوان اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے اور ایران کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔‘

جمعے کو پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اسرائیل کی بلاجواز اور ناجائز جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔ 

’اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے بنیادی اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان ایرانی عوام کے ساتھ پُرعزم یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور واضح طور پر ان اشتعال انگیزی کی مذمت کرتا ہے جو کہ پورے خطے اور اس سے باہر کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔‘

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کی پاسداری کریں، اس جارحیت کو فوری طور پر روکیں اور جارحیت کرنے والے کو جوابدہ ٹھہرائیں۔‘

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.