پاسپورٹ رولزمیں ترمیم، بیرون ملک سیاسی پناہ کے حامل تمام پاسپورٹس منسوخ کرنے کا فیصلہ

image

وفاقی حکومت نے بیرون ملک سیاسی پناہ کے لیے درخواستیں جمع کروانے والے افراد کے پاسپورٹس منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے وزیر خارجہ کا گزشتہ سال کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے پاسپورٹ رولز میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزارت قانون و انصاف کے ذرائع کے مطابق پاسپورٹ رولز میں ترمیم کی سمری کابینہ کمیٹی برائے ڈسپوزل لیجسلیٹو کیسز (سی سی ایل سی) کو ارسال کردی گئی ہے۔

سمری سی سی ایل سی سے منظوری کے بعد وفاقی کابینہ کو بھیجی جائے گی، ذرائع کے مطابق ایک لاکھ سے زائد پاکستانی شہریوں نے مختلف ممالک میں سیاسی پناہ کی درخواستیں دی ہیں جو حقائق پرمبنی نہیں۔

ذرائع کے مطابق وزارت قانون نے بتایا کہ سیاسی پناہ کے خواہشمند پاکستانی شہری ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں، پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ ذرائع نے بھی تصدیق کی کہ سیاسی پناہ لینے والے شہریوں کی پاسپورٹ کی تجدید بھی مستقبل میں نہیں ہوگی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد پاسپورٹ رولز میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ جون میں وفاقی حکومت نے 7 ہزار 800 سے زائد شہریوں کے پاسپورٹ منسوخ کرنے کا عمل شروع کر دیا تھا، جنہیں بیرون ملک گداگری اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے مختلف ممالک سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اعلیٰ حکام نے سینیٹ کمیٹی کو آگاہ کیا کہ ’وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور بیرون ملک پاکستانی مشنز سے موصول ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق 2019 سے 2025 تک 7 ہزار 873 پاکستانیوں کو متعدد وجوہات کی بنا پر ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔

حکام نے کمیٹی کو مزید بتایا تھا کہ حکومت نے گداگری کے بڑھتے ہوئے رجحان کی حوصلہ شکنی کے لیے تمام ڈی پورٹیز کے پاسپورٹ منسوخ کرنے کا آغاز کیا ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.