پاکستان کی سفارتی محاذ پر ایک اور بڑی کامیابی، بھارت کو ایف اے ٹی ایف میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ پاکستان عالمی اعتماد کے ساتھ کامیاب رہا۔ عالمی ترقی یافتہ ممالک چین، جاپان، ترکیہ و دیگر نے کھل کر پاکستان کے موقف کی تائید کرتے ہوئے پاکستان کو ہرممکن تعاؤن کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔
ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں بھارت کے سفارتی وفد نے بھرپور کوشش کی کہ پاکستان کو ایک بار پھر گرے لسٹ میں شامل کرایا جائے۔ مگر اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کی بجائے رپورٹنگ پر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف اے ٹی ایف کے فیصلے کے بعد بھارت اپنے مقاصد حاصل کرنے میں بری طرح سے ناکام ہو چکا ہے، جبکہ اجلاس کے دوران چین نے پاکستان کے حق میں واضح مؤقف اختیار کیا اور ریلیف کی حمایت کی اسی طرح سے ترکیہ اور چاپان نے بھی پاکستان کی مکمل حمایت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص کے بعد بھارت نے پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کیں مگر ہر مرتبہ ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، دوسری جانب پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کیلئے بھارتی خفیہ ایجنسی را پیش پیش رہی ہے۔ را نے پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے نئی دہلی میں ایک ڈس انفو لیب بھی قائم کر رکھی ہے۔
اس ڈس انفو لیب کا مقصد پاکستان کے حوالے سے بین الاقوامی دنیا کو گمراہ کرنا ہے۔ اس ڈس انفو لیب کے ذریعے پاکستان کے خلاف جھوٹا اور من گھڑت پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔
بھارتی حکومت کے سفارتی وفود دنیا کے مختلف ممالک میں جاکر پاکستان کے خلاف زہر اگلتے رہے مگر دنیا کے کسی بھی ملک نے بھارت کے سفارتی وفد کے بیانیے کو اہمیت نہیں دی بلکہ تمام ممالک نے پاکستان کے حق میں بیان دیئے۔ یہی وجہ ہیکہ بھارت کی تمام تر سازشوں کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل نہ کرنا ایک بڑی کامیابی ہے۔
آپریشن بنیان مرصوص کے بعد سے پاکستان کی سفارتی پوزیشن مسلسل مضبوط ہو رہی ہے۔ ہندوتوا اور صہیونی لابی کی مشترکہ کوششیں بھی پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کروانے میں ناکام رہیں۔