اسرائیل نے تہران میں ایران کے جوہری پروگرام سے منسلک عمارتوں پر ایک بار پھر فضائی حملے کیے جبکہ ایران نے جوابی کارروائی میں تل ابیب اور حیفا پر 100 سے زائد میزائل اور بڑے پیمانے پر ڈرون حملے کیے۔ ایرانی حملوں کے بعد حیفا کی آئل ریفائنری میں آگ لگ گئی اور اسرائیلی حملے میں تہران کے فیول ٹینک اور شہران کا آئل ڈپو نشانہ بنے۔
- اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے گذشتہ رات گئے ایک بار پھر تہران پر فضائی حملے کیے ہیں اور ایران کے جوہری پروگرام سے منسلک عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے جن میں وزارتِ دفاع بھی شامل ہے۔
- ایران نے اسرائیل پر جوابی میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں، سرکاری ٹی وی کے مطابق 100 سے زائد میزائل تل ابیب اور حیفا پر داغے گئے، جبکہ وسطی اسرائیل میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں
- ایران کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہران کا آئل ڈپو اور تہران کے فیول ٹینک نشانہ بنے، تاہم وزارتِ تیل کا کہنا ہے کہ صورتحال قابو میں ہے
- بی بی سی نے ایک ویڈیو کی تصدیق کی ہے جس میں ایرانی حملوں کے بعد حیفا کی آئل ریفائنری میں آگ دیکھی جا سکتی ہے
- ایران کے جوابی حملوں میں اسرائیل میں نو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہیں۔
- ایران کے اقوام متحدہ میں سفیر کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 78 افراد ہلاک اور 320 سے زائد زخمی ہوئے جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔ آذربائیجان صوبے میں 31 ہلاکتیں ہوئیں، جن میں 30 فوجی اور ریڈ کراس کا ایک رکن شامل ہے
ایران کے اسرائیل پر حملوں میں متعدد ہلاکتوں کی اطلاعات، اسرائیل کا ایران میں جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ