شاپنگ مال میں آتشزدگی، سیکڑوں دکانیں جل گئیں، 60 قرآن پاک محفوظ

image

گلستان جوہر کے میلینیم مال میں بھڑکنے والی ہولناک آگ سے سیکڑوں دکانیں جل گئیں تاہم دکانوں میں موجود 60 قرآن پاک محفوظ رہے۔ آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کا عملہ موقع پر پہنچ گیا جو آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

ترجمان ریسکیو 1122 حسان نے ہماری ویب کو بتایا کہ آگ مال کے تیسرے اور ٹاپ فلور پر لگی تھی جس سے 250سے زیادہ دکانیں جل گئی ہیں ، ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ ریسکیو ترجمان نے بتایا کہ تھرڈ فلور پر واقع مسجد میں موجود 60 قرآن پاک جلنے سے محفوظ رہے جبکہ مسجد کے آس پاس تقریباً سو سے زائد دکانیں جل گئیں تاہم اللہ پاک نے قرآن پاک کو محفوظ رکھا جس کی جلد کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

دریں اثناء چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے مطابق آگ عمارت کی چھت پر لگی تھی، جو پھیلتے ہوئے چوتھی اور تیسری منزل تک پہنچ گئی، تیسری اور چوتھی منزل پر گارمنٹس کی دکانیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 11 گاڑیاں اور 2اسنارکل آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ آپریشن میں پانی کی کمی کے باعث تھوڑی مشکلات پیش آئیں۔ چیف فائر آفیسر کا کہنا تھا کہ شاپنگ مالز کے اندر فائر سیفٹی سسٹم موجود ہونا چاہیے، عمارت میں فائر سیفٹی سسٹم تھا یا نہیں آگ بجھنے کے بعد سروے کیا جائے گا۔

مزید برآں فائربریگیڈ نے واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن سے ہنگامی مدد طلب کرلی جس کے بعد کارپوریشن نے جائے وقوعہ پر ٹینکرز روانہ کردیے۔ ترجمان ایم ڈی اے کا کہنا تھا کہ فائر بریگیڈ کو پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ آتشزدگی پر مکمل قابو پانے تک فائر بریگیڈ کو واٹر ٹینکرز فراہم کیے جاتے رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سی ای او واٹر بورڈ کارپوریشن کی ہدایت پر نیپا ہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔


About the Author:

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.