بلوچستان میں فائرنگ کے دو واقعات میں دو مزدور ہلاک، تین زخمی

image
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع قلات اور چاغی میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں دو مزدور ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں تین کا تعلق پنجاب سے ہے۔

پہلا واقعہ پیر کی شام قلات کی تحصیل منگچر کے علاقے کلی زرد غلام جان میں پیش آیا۔

منگچر لیویز تھانے کے ایس ایچ او حاجی خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ مزدور زرعی زمین پر ٹیوب ویل کی ڈرلنگ میں مصروف تھے اس دوران موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

ان کے مطابق ’فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جن کی شناخت رحیم یار خان کے رہائشی نوید احمد اور کوئٹہ کے خلیل احمد مینگل کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دو مزدور زخمی ہوئے جن میں عدیل احمد رحیم یار خان اور جلال الدین مینگل کوئٹہ کے رہائشی ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ دونوں زخمیوں کو طبی امداد کے لیے کوئٹہ کے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا  ہے۔

ایس ایچ او نے یہ بھی بتایا کہ یہ واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

لیویز حکام کا کہنا ہے کہ ایک واقعہ قلات اور دوسرا چاغی کے علاقے میں پیش آیا (پکسابے)

منگچر میں اس سے قبل مارچ میں بھی اسی نوعیت کا ایک واقعہ پیش آ چکا ہے جس میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے چار مزدوروں کو قتل کیا گیا تھا۔

حاجی خان نے بتایا کہ ’مارچ کے واقعے کے بعد لیویز نے تمام مقامی زمینداروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ غیر مقامی ملازمین کی موجودگی سے متعلق پیشگی اطلاع دیں تاکہ ان سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔‘

انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ واقعے میں متعلقہ زمیندار اور ڈرلنگ مشینری کے مالک نے لیویز کو اطلاع نہیں دی تھی جس پر ان کے خلاف مزدوروں کی جان خطرے میں ڈالنے اور قتل بالسبب کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

دوسرا واقعہ ضلع چاغی کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایک حجام کی دکان پر موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے فائرنگ کردی۔

اس کے نتیجے میں امتیاز احمد نامی حجام زخمی ہوا جو پنجاب کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔

لیویز کے مطابق زخمی کو چار گولیاں لگی ہیں جسے رورل ہیلتھ سینٹر چاغی میں ابتدائی طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات بلوچستان میں غیر مقامی افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا تسلسل معلوم ہوتا ہے جس میں حالیہ مہینوں میں تیزی آئی ہے۔ دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

 


News Source   News Source Text

پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts