پاکستان میں مقیم افغان شہریوں کے انخلا مہم میں تیزی

image

پاکستان میں مقیم افغان شہریوں کے انخلا کے لیے جاری مہم میں ایک بار پھر تیزی آگئی ہے اور وزارت داخلہ کی ہدایت پر افغان شہریوں کو 30 اگست تک رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑنے کا کہا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں جن کے تحت مقامی تھانوں کو افغان مہاجرین کی فہرستیں فراہم کر دی گئی ہیں۔ پولیس افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ افغان شہریوں سے براہِ راست ملاقاتیں کریں اور انہیں مقررہ وقت میں واپسی پر آمادہ کریں۔

اس دوران افغان شہریوں سے ملاقاتوں کی عکس بندی کر کے اعلیٰ حکام کو بطور ثبوت ارسال کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے خصوصی واٹس ایپ گروپس بھی بنا دیے گئے ہیں جبکہ مقامی تھانوں کو اس حوالے سے اپنی رپورٹس روزنامچے میں درج کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی سے بڑی تعداد میں افغان شہری واپس جا چکے ہیں۔ جو لوگ اب بھی موجود ہیں ان میں زیادہ تر قانونی طور پر مقیم افغان شہری، کاروباری افراد یا ایسے طلبہ شامل ہیں جنہوں نے پاکستان کے ویزے حاصل کر رکھے ہیں۔ اسی طرح وہ افغان بھی یہاں موجود ہیں جو امریکی یا یورپی ممالک کے ویزوں کے منتظر ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US