چھوٹا بھائی سودا لے کر آیا تو۔۔ کراچی میں کرنٹ لگنے سے دو بھائیوں کی موت کا افسوسناک واقعہ ! کے لیکٹرک کے خلاف مقدمہ درج

image

کراچی میں بارش کے دوران پیش آنے والا ایک المناک سانحہ دو نوجوان بھائیوں کی جان لے گیا۔ ناتھا خان گوٹھ کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے مراد اور سراج کی تدفین کر دی گئی ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ کے الیکٹرک کے اعلیٰ افسران کے خلاف درج کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق 21 سالہ مراد اور 16 سالہ سراج منگل کے روز حادثے کا شکار ہوئے۔ مدعی والد سلطان نے بتایا کہ چھوٹا بیٹا سراج دکان سے سامان لینے گیا تو کھمبے سے بجلی کا جھٹکا لگا۔ اطلاع ملنے پر بڑا بیٹا مراد بھائی کو بچانے پہنچا لیکن وہ بھی کرنٹ کی لپیٹ میں آ گیا۔ سراج موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ مراد ٹریفک جام کے باعث بروقت اسپتال نہ پہنچ سکا اور راستے میں جاں بحق ہو گیا۔

شاہ فیصل کالونی تھانے میں درج مقدمے میں قتلِ خطا کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ واقعے پر علاقے میں شدید رنج و غم پایا جاتا ہے اور شہریوں نے کے الیکٹرک کی غفلت کو اس المیے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

دونوں بھائیوں کی نماز جنازہ میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر سمیت بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے اور سوگوار گھرانے سے اظہارِ تعزیت کیا۔

یاد رہے کہ شہر میں حالیہ بارشوں کے بعد مختلف حادثات میں اب تک 17 قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، جن میں سے بیشتر واقعات بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے کرنٹ لگنے کے باعث پیش آئے۔ یہ صورتحال ایک بار پھر کراچی میں بنیادی ڈھانچے اور حفاظتی انتظامات پر سنگین سوالات اٹھا رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US