حکومتِ خیبر پختونخوا نے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی اور بحالی کاموں کے لیے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو مزید 87 کروڑ 40 لاکھ روپے جاری کردیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی سیلاب کے بعد سے اب تک صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کی گئی کل رقم 4 ارب روپے سے تجاوز کرگئی ہے۔
حکومت نے سیلابوں سے قبل ہی ممکنہ تباہی کے پیش نظر بروئے کار لائے گئے اقدامات کے تحت پی ڈی ایم اے کو 50 کروڑ روپے جاری کیے تھے۔ 16 اگست کو تعمیرات و مواصلات کے محکمے کے لیے ایک ارب 56 کروڑ روپے جاری کیے گئے۔
اسی روز صوبائی مینجمنٹ اتھارٹی کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کی خطیر رقم فراہم کی گئی۔ 17 اگست کو ٹی ایم اے کی مالی معاونت کے لیے 6 کروڑ 10 لاکھ روپے جاری کیے گئے جبکہ 19 اگست کو پی ڈی ایم اے کے لیے 87 کروڑ 40 لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی ان اقدامات سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کے کاموں کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔