اسلام آباد : نادرا ٹیکنالوجیز لمیٹڈ (این ٹی ایل) اور انفوکام ٹیکنالوجیز (آئی سی ٹی) نے ایک سٹریٹجک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
معاہدے کے تحت پاکستان کی ڈیجیٹل مصنوعات کو بین الاقوامی مارکیٹوں میں فروغ دیا جائے گا اور ڈیجیٹل شناخت، بائیو میٹرک، آرٹیفشل انٹیلی جنس اور فن ٹیک کی خدمات پاکستان میں نجی اور سرکاری اداروں کو بھی پیش کی جائیں گی۔
این ٹی ایل کا شمار پاکستان میں ٹیکنالوجی کے صف اول کے اداروں میں ہوتا ہے جبکہ آئی سی ٹی بین الاقوامی سطح پر موجود ہے اور سسٹم انٹیگریشن کے شعبے میں قابل ذکر صلاحیتوں کا حامل ہے۔ اس معاہدے کی بدولت دونوں ادارے مل کر عالمی مارکیٹ کے مختلف شعبوں میں پاکستان کی ڈیجیٹل مصنوعات کو فروغ دینے کے لیے کام کریں گے۔
اس اشتراک کے تحت مختلف ممالک کی حکومتوں اور اداروں کو خدمات کی فراہمی کے نظاموں کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ڈیجیٹل شمولیت بہتر بنانے میں مدد دی جائے گی۔