سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خوارج کے خودکش حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایک خوارجی نے بارود سے بھری گاڑی سیکیورٹی فورسز کے کیمپ کی دیوار سے ٹکرا دی جس سے دھماکا ہوا اور دیوار کو نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد تین مزید خوارجیوں نے کیمپ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی تاہم فورسز کی بروقت اور بہادرانہ کارروائی کے نتیجے میں تینوں کو کیمپ کے باہر ہی ہلاک کر دیا گیا۔
سیکیورٹی اداروں کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران افغان طالبان کے حمایت یافتہ مجموعی طور پر 88 خوارج کو مختلف کارروائیوں میں ہلاک کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پاک فوج نے ضلع مہمند میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 45 سے 50 خوارج کو ہلاک کیا تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں آخری خوارجی کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔