وزیراعظم کی آئندہ برس مون سون کے ممکنہ خطرات سے بچاؤ کے لیے اقدامات کی ہدایت

image

وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ برس مون سون کے ممکنہ خطرات سے بچاؤ کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی ادارے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنائیں۔

وزیراعظم کی زیر صدارت موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات اور حکومتی حکمت عملی سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں وزراء اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے آئندہ مون سون سیزن کے عالمی تخمینوں اور قلیل، وسط اور طویل مدتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزیراعظم نے قلیل مدتی منصوبے کی فوری منظوری دیتے ہوئے حکم دیا کہ اس پر فوراً عملدرآمد شروع کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وزارتِ موسمیاتی تبدیلی، وزارتِ منصوبہ بندی اور این ڈی ایم اے صوبوں کے ساتھ مل کر مربوط اور مضبوط حکمت عملی بنائیں تاکہ ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مون سون کے نقصانات سے بچنے کے لیے پیشگی تیاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے پانی کے بہتر انتظام کے لیے قومی سطح پر حکمت عملی وضع کرنے کی خاطر نیشنل واٹر کونسل کا اجلاس بلانے کی تیاری کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا موسمیاتی تبدیلی میں کردار نہ ہونے کے برابر ہے لیکن ہمارا ملک اس کے شدید مضر اثرات کی لپیٹ میں ہے۔ ہر تیسرے سال ہمیں موسمیاتی تبدیلی کے باعث جی ڈی پی کا قابلِ ذکر حصہ خرچ کرنا پڑتا ہے اور محدود وسائل ترقی کے بجائے نقصانات کی تلافی پر لگ جاتے ہیں۔

اجلاس کے دوران حکام نے بتایا کہ عالمی تخمینے آئندہ مون سون میں ممکنہ شدت کی نشاندہی کر رہے ہیں جبکہ حکومت کے منصوبے کا مقصد بروقت پیش بندی اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے نقصانات کو کم سے کم کرنا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US