خیبر پختونخوا پولیس نے رواں برس صوبہ بھر میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا ڈیٹا مرتب کرلیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق رواں سال مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 955 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے مختلف آپریشنز کے دوران 423 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے 532 دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا۔
کارروائیوں کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سینٹرل پولیس آفس کے مطابق آپریشنز میں 33 اہم دہشت گرد کمانڈرز بھی مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق وزیرستان، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، مردان، کوہاٹ سمیت مختلف اضلاع سے تھا۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ دہشت گرد بنوں، ڈی آئی خان، شمالی و جنوبی وزیرستان اور خیبر میں ہلاک کیے گئے، جبکہ کرم، اورکزئی اور مالاکنڈ میں بھی اہم کمانڈرز سمیت متعدد دہشت گرد مارے گئے۔