یو اے ای صرف بلیو اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ ہولڈرز کو ویزے دے رہا ہے، وزارت داخلہ

image

اسلام آباد میں وزارت داخلہ نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پاکستانی شہریوں کو عام پاسپورٹ پر ویزے جاری نہیں کر رہا۔ فی الحال ویزے صرف بلیو پاسپورٹ اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ ہولڈرز کو دیے جا رہے ہیں۔

وزارت داخلہ کے حکام نے خبردار کیا کہ اگر پاکستانی پاسپورٹس پر مکمل پابندی لگ گئی تو اسے بعد میں ہٹوانا انتہائی مشکل ہوگا۔ حکام نے یہ بھی کہا کہ پڑوسی ممالک کی جانب سے ہمارے سسٹم میں مداخلت اور پاسپورٹس کی جعلی فراہمی کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی، جس میں ہمارے اداروں کی جانب سے کرپشن کا امکان بھی شامل ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ چند ماہ قبل سعودی عرب نے بڑے پیمانے پر پاکستانی شہری واپس بھیجے، جن میں بعض افغان شہری بھی پاکستانی بن کر مقیم تھے۔

وزارت داخلہ کے مطابق، دنیا کے 61 ممالک میں 21 ہزار 647 پاکستانی قید ہیں۔ ملکی سطح پر 18 سے 20 کروڑ شہریوں کا ڈیٹا ڈیجیٹل طور پر جمع کیا جا چکا ہے، جس سے شناخت کی فوری تصدیق ممکن ہے اور شہریوں کو مطلوبہ معاونت فراہم کی جاتی ہے۔

سیکریٹری وزارت داخلہ نے کہا کہ بیرون ملک گرفتار ہونے والے پاکستانی زیادہ تر معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث ہوتے ہیں، جیسے اوور اسٹے، شناختی فراڈ یا بینک فراڈ، جبکہ قتل، منظم جرائم یا دہشت گردی میں پاکستانی شہریوں کی ملوثیت بہت کم ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US