خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران سات دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ کارروائیاں خوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق پہلی کارروائی میرعلی کے عمومی علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کی گئی جہاں خوارج کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں چھ دہشت گرد مارے گئے۔
دوسری کارروائی اسپن وام میں انجام دی گئی جس میں ایک اور دہشت گرد ہلاک ہوا۔ دونوں کارروائیوں میں دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرتے ہوئے سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ سہولت کار یا باقی ماندہ دہشت گردوں کی موجودگی کا سراغ لگایا جا سکے۔