کوئٹہ: سریاب میں 63 ایکڑ اراضی پر جنگلاتی منصوبے کا اعلان

image

چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت اربن فاریسٹ کے قیام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں شہری علاقوں میں جنگلات کے فروغ سے متعلق منصوبوں پر غور وغوض کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری نے کہا کہ حکومت نے سریاب روڈ پر ایک اہم شہری جنگلاتی منصوبے کا اعلان کیا ہے جو 63 ایکڑ اراضی پر محیط ہوگا، اس سبز اقدام کا مقصد شہری ماحولیاتی نظام میں بہتری لانا ہے، اس منصوبے میں ہزاروں درخت کو لگانا ہدف ہے تاکہ عوام کے لیے قابل رسائی سرسبز جگہ میسر آسکے، انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ قدرتی پودوں کو شہری انفراسٹرکچر کے ساتھ مربوط کرے گا، جو آلودگی اور گرمیوں میں درجہ حرارت کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ اربن فارسٹ کا کاربن کریڈٹس پر مثبت اثر پڑتا ہے کیونکہ یہ درختوں کی تعداد بڑھا کر کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب کرتے ہیں، جو گرین ہاؤس گیسز میں کمی کا باعث بنتا ہے۔

چیف سیکریٹری نے ہدایت کی کہ سڑک کے ساتھ بھی درخت لگائے جائیں۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ اربن فاریسٹ کے ساتھ رہائشی اور کمرشل علاقے کی تعمیر بھی ہوگی جس میں اسپتال، اسکول، پارکنگ اور مال شامل ہیں، جو حکومت کے لیے آمدنی کا باعث بھی بنے گا۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات زاہد سلیم، سیکریٹری جنگلات عبدالفتح بھنگر، سیکریٹری یو پی اینڈ ڈی اسحاق جمالی، سیکریٹری پی ایچ ای ہاشم غلزئی، سیکریٹری ماحولیات علی اکبر بلوچ، کمشنر کوئٹہ شاہ زیب کاکڑ، ڈائریکٹر جنرل کیو ڈی اے اورنگ زیب کاسی نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US