معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر اسٹیٹ بینک میوزیم، آرٹ گیلری اینڈ آرکائیوز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے خصوصی تقریبات کا آغاز 3 اور 4 دسمبر کو کیا جا رہا ہے۔
ایونٹ کا مرکزی عنوان "فوسٹرنگ ڈس ایبلٹی اِنکلیو سوسائٹیز فار ایڈوانسنگ سوشل پروگریس" رکھا گیا ہے، جس کا مقصد سماجی شمولیت، بااختیاریت اور معذور افراد کی صلاحیتوں کے اعتراف کو فروغ دینا ہے۔
تقریبات کے سلسلے میں 3 دسمبر کو خصوصی نمائش "اَن دیکھی قوت: آرٹ کے ذریعے اظہارِ صلاحیت" کا انعقاد کیا گیا، جس میں بریل قرآن، بریل کتب، جدید اسیسِبلٹی ٹیکنالوجی اور انٹرایکٹو ایپلی کیشنز پیش کی گئیں۔ نمائش میں خصوصی بچوں کے لیے پینٹنگ اور پوٹری میکنگ کی سرگرمیاں بھی رکھی گئی تاکہ انہیں تخلیقی اظہار کا موقع فراہم کیا جاسکے۔ اس کے علاوہ آئی ڈی اے ریؤ کا کرافٹ اسٹال بھی نمائش کا حصہ بنایا گیا جس میں ہنرمند طلبہ کے تیار کردہ مصنوعات پیش کی گئیں۔
4 دسمبر کو موٹیویشنل سیشن منعقد کیا جائے گا جس میں ملک کے معروف اسپیکرز شرکت کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان کے پہلے نابینا سافٹ ویئر انجینئر عدیل راجہ خصوصی خطاب کریں گے۔ تقریب میں ڈاکٹر سقّین—گولڈ میڈلسٹ اور برمنگھم یونیورسٹی کے پی ایچ ڈی اسکالر—بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ مزید برآں شمولیت اور معذور افراد کے حقوق کے حوالے سے معروف ماہر ہُما انجم، سینئر آفیسر کے ڈی ایس پی، خطاب کریں گی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ان تقریبات کا مقصد معذور افراد کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا اور معاشرے میں جامع شمولیت کے فروغ کے لیے ماحول سازگار بنانا ہے۔