پاک فضائیہ کا انڈونیشیا کے صدر کا شاندار فضائی استقبال

image

پاک فضائیہ کے جے ایف-17 تھنڈر طیاروں نے پاکستان پہنچنے والے انڈونیشیا کے صدر پرا بووو سوبیانتو کا روایتی اور پرتپاک فضائی استقبال کیا۔ چھ JF-17 تھنڈر طیاروں پر مشتمل فارمیشن نے انڈونیشی صدر کے طیارے کو پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی اسکارٹ کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور باہمی احترام کی مضبوط علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق فارمیشن لیڈر نے انڈونیشی صدر کا خصوصی خیرمقدم کیا، جس سے پاکستان اور انڈونیشیا کے گہرے سفارتی، عسکری اور برادرانہ تعلقات کا اظہار ہوتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس نوعیت کی فضائی مشایعت پاک فضائیہ کی دیرینہ روایت ہے اور عالمی معزز مہمانوں کے لیے پاکستان کی اعلیٰ مہمان نوازی کی ایک اہم مثال بھی ہے۔

ترجمان کے مطابق جے ایف-17 تھنڈر 4.5 جنریشن کا جدید، ہمہ جہت اور انتہائی موثر لڑاکا طیارہ ہے جو پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ استعداد اور تکنیکی مہارت کا واضح ثبوت ہے۔ انڈونیشی صدر کے طیارے کی فضائی اسکارٹ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی، اعتماد اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

پاک فضائیہ کی جانب سے اس تاریخی فضائی استقبال کو دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US