پیار کی قیمت کروڑوں میں؟ خاتون ڈی ایس پی کا ’لو ٹریپ‘ بزنس مین کو لوٹ لیا

image

بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ایک ڈی ایس پی رینک کی خاتون پولیس افسر پر ایک بزنس مین کو رومانوی تعلق میں مبتلا کرکے اس سے کروڑوں روپے، قیمتی زیورات اور ایک ہوٹل ہتھیانے کا سنگین الزام سامنے آیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بزنس مین دیپک ٹنڈن نے رائے پور کے تھانے میں شکایت درج کرواتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ڈی ایس پی کلپنا ورما نے انہیں محبت کے تعلق میں پھنسا کر مبینہ طور پر 2 کروڑ روپے نقد، ہیرے کی انگوٹھی، سونے کے زیورات، گاڑی اور رائے پور کی وی آئی پی روڈ پر واقع ایک ہوٹل کی ملکیت اپنے یا اپنے بھائی کے نام منتقل کروالی۔

رپورٹس کے مطابق دونوں کے درمیان 2021 سے تعلقات تھے اور بزنس مین کا کہنا ہے کہ خاتون افسر مسلسل مہنگے تحائف اور رقم کا مطالبہ کرتی تھیں۔ ٹنڈن کے مطابق جب انہوں نے مزید رقم دینے سے انکار کیا تو انہیں جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں دی گئیں۔

دیپک ٹنڈن نے کہا کہ ہوٹل کی ملکیت پہلے اُن کے بھائی کے نام اور پھر مبینہ طور پر 30 لاکھ روپے خرچ کرکے کلپنا ورما نے اپنے نام کروا لی۔ سوشل میڈیا پر دونوں کی چیٹ اور تصاویر بھی وائرل ہو گئی ہیں۔

دوسری جانب ڈی ایس پی کلپنا ورما نے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب ان کے خلاف ایک سازش ہے اور پیش کی گئی چیٹس جعلی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں ایک کاروباری تنازع کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

پولیس نے معاملے پر ابتدائی تحقیقاتی عمل شروع کر دیا ہے۔ سینئر حکام نے الیکٹرانک شواہد کی تصدیق کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے، تاہم اب تک ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US