امریکا نے بھارت میں اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر کسی شخص کا بنیادی مقصد امریکا میں بچے کی پیدائش کروا کر اسے امریکی شہریت دلوانا ہو تو اس کی سیاحتی ویزا درخواست مسترد کر دی جائے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی سفارتخانے نے واضح کیا کہ ٹورسٹ ویزے کو غلط مقصد کے لیے استعمال کرنے والے درخواست گزاروں کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سفارتخانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر قونصلر افسر کو یقین ہو جائے کہ درخواست گزار کا اصل مقصد ‘برتھ ٹورزم’ ہے، تو اسے ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔
امریکہ نے آن لائن اور سوشل میڈیا موجودگی کی جانچ کو مزید سخت کر دیا ہے جو اب H-1B اسپیشلٹی ورک ویزا ہولڈرز اور ان کے H-4 ڈیپنڈنٹس پر بھی لاگو ہوگی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارت میں کئی درخواست دہندگان کو اطلاع دی گئی کہ ان کی ویزا انٹرویوز کی تاریخیں ری شیڈول کر دی گئی ہیں جس سے عوام میں بےچینی پیدا ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی دوسری مدت صدارت کے پہلے دن امریکا میں پیدائش پر شہریت دینے والے قانون کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم امریکی عدالتوں نے اس فیصلے پر عمل درآمد روک دیا تھا۔
ماہرین کے مطابق بھارت سے کئی جوڑے سیاحتی ویزے پر امریکا جاکر اپنے بچے پیدا کرواتے ہیں تاکہ انہیں شہریت اور دیگر مراعات حاصل ہوں جس کے باعث امریکا نے سخت قوانین نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔