محسن نقوی اور عراقی وزیر داخلہ کی ملاقات، زائرین کے لیے نئے اقدامات کا اعلان

image

وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی اور عراقی وزیر داخلہ جنرل عبدالامیر الشمری کے درمیان برسلز میں اہم ملاقات ہوئی جس میں پاک-عراق دوطرفہ تعلقات، زائرین کی سہولت اور سیکیورٹی تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

ملاقات میں دونوں وزرائے داخلہ نے وزاراتِ داخلہ کے درمیان تعاون کو مؤثر اور پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ عراقی وزیر داخلہ نے پاکستانی زائرین گروپس کو منظم کرنے کے لیے پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔

اس دوران فیصلہ کیا گیا کہ پاکستانی وزارت داخلہ کی فراہم کردہ فہرست میں شامل تمام زائرین کو عراق آمد کی اجازت ہوگی تاہم مقررہ مدت سے زائد قیام کی اجازت نہیں ہوگی۔ دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے اس سلسلے میں قریبی رابطے میں رہیں گے۔

مزید برآں دونوں وزرائے داخلہ نے سیکیورٹی تعاون، انسدادِ دہشت گردی اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے معلومات کے تبادلے اور مشترکہ میکنزم کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے عراقی حکومت اور عوام کا زائرین کے لیے بھرپور تعاون اور روایتی میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی زائرین کی سلامتی، عزت اور سہولت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

عراقی وزیر داخلہ نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس دورے کے دوران زائرین کی سہولت، سیکیورٹی تعاون اور دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آئندہ کا مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US