زمین کی نگرانی کے لیے سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے کا بھارتی مشن ناکام

image

بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے (اسرو) کا ایک راکٹ پیر کے روز لانچ کے فوراً بعد راستہ بھٹک گیا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق راکٹ کے راستہ بھٹکنے کے نتیجے میں زمین کی نگرانی کرنے والی سیٹلائٹ سمیت 16 آلات اور سیٹلائٹس لے جانے والا مشن ناکام ہوا۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ اسرو کے قابلِ اعتماد سمجھے جانے والے راکٹ کے لیے ایک اور دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ پولر سیٹلائٹ لانچ وہیکل (پی ایس ایل وی) کو گزشتہ تقریباً 8 ماہ میں پیش آنے والی دوسری ناکامی ہے جس سے اس کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔

پی ایس ایل وی-سی 62 کو صبح 10 بج کر 18 منٹ پر جزیر ہ سری ہری کوٹا میں واقع ستیش دھون خلائی مرکز سے لانچ کیا گیا تھا، راکٹ زمین کے مشاہداتی سیٹلائٹ EOS-N1 کے علاوہ 15 دیگر پے لوڈز لے جا رہا تھا جو بھارت اور بیرونِ ملک کی اسٹارٹ اپ کمپنیوں اور تعلیمی اداروں نے تیار کیے تھے۔

اسرو کے مشن کنٹرول کے مطابق راکٹ نے پرواز کے بیشتر حصے میں معمول کے مطابق کام کیا تاہم بعد میں اچانک خلل پیدا ہوا اور راکٹ مقررہ راستے سے ہٹ گیا۔

اسرو نے ایک بیان میں کہا کہ پی ایس ایل وی-سی 62 مشن کو پی ایس 3 مرحلے کے اختتام پر ایک تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس حوالے سے تفصیلی تجزیہ شروع کر دیا گیا ہے۔

پی ایس ایل وی بھارتی خلائی پروگرام میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے اور اس کے ذریعے چندریان-1 اور آدتیہ ایل-1 جیسے اہم مشنز لانچ کیے جا چکے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US