وزیراعظم شہباز شریف آج قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کے اہم اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں آئندہ مالی سال 27-2026 کے لیے معاشی اہداف اور قومی ترقیاتی پروگرام کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مجموعی قومی شرح نمو کا ہدف 4 فیصد مقرر کرنے کی تجویز زیر غور آئے گی۔ اس کے علاوہ خدمات کے شعبے کے لیے 4.2 فیصد، صنعتی شعبے کے لیے 4 فیصد اور زرعی شعبے کے لیے 3.8 فیصد شرح نمو کا ہدف تجویز کیا گیا ہے۔
اجلاس میں 47 کھرب روپے کے قومی ترقیاتی پروگرام کی منظوری بھی متوقع ہے جس کے تحت مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بجٹ تجاویز میں درآمدی میک اپ مصنوعات پر ڈیوٹی میں 2 سے 5 فیصد تک کمی کی تجویز بھی شامل ہے، جن میں فیس پاؤڈر، آئی لائنر، مسکارا، لپ گلوس اور دیگر کاسمیٹکس شامل ہیں۔
دوسری جانب وفاق اور صوبوں کے درمیان مالی معاملات پر پیش رفت ہوئی ہے، جہاں تقریباً 12 کھرب روپے کی وصولی کے طریقہ کار پر تکنیکی کمیٹیوں کے قیام پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ اور مالی تقسیم سے متعلق اختلافات کے باعث بجٹ کی تیاری میں تاخیر کا سامنا بھی رہا ہے۔