وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت آبی زراعت اور جھینگا ویلیو چین ذیلی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں جھینگا فارمنگ، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات میں اضافے کے لیے روڈ میپ تیار کرنے پر غور کیا گیا۔
جنید انوار چوہدری کے مطابق جھینگا فارمنگ کے فروغ کے لیے 24 ماہ کا منصوبہ زیر غور ہے، جبکہ اس مقصد کے لیے سات تکنیکی ورکنگ گروپس قائم کیے گئے ہیں۔ کمیٹی 120 دن کے اندر اپنی تجاویز وزیراعظم کو پیش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ جھینگا فارمنگ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی، عملی حل کی تجاویز اور شعبے کے بنیادی اعداد و شمار مرتب کیے جائیں گے۔ وفاقی اور صوبائی ادارے پہلی بار اس منصوبے پر مشترکہ طور پر کام کریں گے تاکہ متعلقہ اداروں کی مہارت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جھینگا فارمنگ اور برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے۔
وزیر بحری امور کا کہنا تھا کہ مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے پاکستان کی بلیو اکانومی کو فروغ دینے اور ملکی برآمدات بڑھانے میں مدد ملے گی۔