جاوید میاں داد آج 62 برس کے ہوگئے

12 Jun, 2019 اب تک
جاوید میاں داد آج 62 برس کے ہوگئےکراچی:(12 مئی 2019) آخری گیند پر چھکا مار کر بھارتیوں کے ساری زندگی زخم دینے والے شہرہ آفاق پاکستانی بلے باز جاوید میاں داد آج باسٹھ برس کے ہوگئے ہیں ۔ عالمی کپ جتوانے میں بھی میاں داد کا کردار اہم رہا ہے۔

کرکٹ کا ذکر جاوید میاں داد کے بغیر ادھورا ہی رہے گا۔ پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں سنچری بنا کر کرکٹ میں اپنی بادشاہت شروع کی اور پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ رائٹ ہینڈر بیٹسمین 12 جون انیس سو ستاون کو کراچی میں پیداہوئے۔ ٹیسٹ ڈیبیو پر 163 رنز اسکور کیے۔

میدان پر ان کی آمد ہوتی تو مخالف ٹیم تو جیسے بوکھلاہٹ کا شکار ہوجاتی۔ مشکل وقت میں کیسے ٹیم کو بحران سے نکالنا ہے یہ میاں داد سے بہتر بھلا کون جانتا تھا۔ جاوید میاں داد کا بلا جہاں رنز اگلتا وہیں وہ اس بات سے بھی بخوبی واقف تھا کہ مخالف کپتان کے ذہن میں بھلا کیا چل رہا ہے ۔میدان میں ان جیسا نڈر اور دلیر کھلاڑی ذرا کم ہی ملتا ۔سب سے زیادہ چھ عالمی کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ انیس سو بانوے کے عالمی کپ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ جاوید میاں داد کا تاریخ ساز چھکا بھارتی کیسے بھول سکتے ہیں جو انہوں نے آخری گیند پر شارجہ میں مارا۔

جاویدمیانداد کی اوسط پورے کیریئر میں کبھی 50 سے کم نہیں رہی۔ انہوں نے 124 ٹیسٹ میں 8 ہزار 832 رنز 23 سنچریاں اور 43 نصف سینچریوں کی مدد سے بنائے۔ بہترین اسکور 280 ناٹ آؤٹ بھارت کے خلاف رہا۔ جاوید میاندادنے 233 ون ڈے میچوں میں 7 ہزار 381 رنز اسکور کیے، جس میں 8 سنچریاں ور 50 نصف سینچریاں شامل ہیں۔

جاوید میانداد کے قیادت میں پاکستان نے 34 ٹیسٹ میں 14 فتوحات پائیں اور صرف 6 میں ناکام رہا۔ 14 ٹیسٹ ڈرا ہوئے۔ 62 ون ڈے میچوں میں بطور کپتان انہوں نے 26 میچز جیتے، 33 ہارے، جبکہ ایک ٹائی اور 2 نامکمل رہے۔

جاوید میانداد کو حکومت پاکستان نے تمغہ برائے حسن کارکردگی اور ستارہ امیتاز سے بھی نوازا گیا۔ کپتان اور کوچ بھی رہے جبکہ کرکٹ بورڈ میں بھی اپنی خدمات انجام دیں۔ کرکٹ کے کئی چمکتے دمکتے ریکارڈ جاوید میاں داد کے نام کے سنگ جڑے ہیں ۔


WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels
 
« مزید خبریں