شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے آج یوم تکریم شہداء پاکستان کے موقع پر خصوصی پروگرام اور تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
وفاق اور چاروں صوبوں کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی یادگار شہداء پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا جبکہ اسلام آباد کانسٹیٹیوشن ایوینیو سمیت صوبائی دارالخلافوں میں شہداء یکجہتی واک اور ریلیاں بھی نکالی جارہی ہیں۔
یہ دن منانے کا مقصد شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا اور قوم کو یہ پیغام بھی دینا ہےکہ شہداء، اُن کی فیملیز اور یادگاروں کا احترام ہر پاکستانی کا فخرہے۔ ملک بھر میں شہداء کے ایصال ثواب کے لیے مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کے علاوہ اسکولوں،کالجز میں بھی خصوصی تقریبات کا انتظام کیا گیا ہے۔
جی ایچ کیو میں یادگارِ شہداء پر مرکزی تقریب میں چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شریک ہیں،سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تقریب میں شریک ہیں، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم ،محمد رضوان، سربراہ انصار برنی ٹرسٹ انصار برنی ، پی ٹی وی کی معروف اینکرعشرت فاطمہ اوردیگر شریک ہیں۔
اس موقع پر کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے بھی یاد گار شہدا پر پھول رکھے،مولانا عبدالخبیر آزاد اور مفتی منیب الرحمان نے یادگار شہدا پر پھول رکھے،شہدا کے اہلخانہ اور طلبا نے بھی یادگار شہدا پر پھول رکھے۔