پیپلز پارٹی نے گورنر پنجاب کے لیے سردار سلیم حیدر کو نامزد کر دیا

image

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی گورنر شپ کے لیے اٹک سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنما سردار سلیم حیدر خان کو نامزد کر دیا ہے۔

اس بات کی تصدیق سردار سلیم حیدر نے جمعے کو اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کی ہے۔ پیپلز پارٹی پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں ان کی نامزدگی کو خوش آئند قرار دیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے موجودہ گورنر بلیغ الرحمان گذشتہ روز عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے تھے جبکہ ان کی جگہ قائم مقام گورنر کا عہدہ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کے پاس ہے۔

پنجاب کے گورنر کا عہدہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان ہونے والے معاہدے کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

عام انتخابات کے بعد ملک میں حکومت سازی کے عمل میں دونوں سیاسی جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ مرکزی حکومت مسلم لیگ ن کے پاس رہے گی جبکہ صدر مملکت کا عہدے کے ساتھ ساتھ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے گورنر کے آئینی عہدے پیپلز پارٹی کے پاس جائیں گے۔ سندھ اور بلوچستان کے گورنر کے عہدے مسلم لیگ ن کے پاس ہوں گے۔ سینیٹ چیئرمین کا عہدہ پیپلزپارٹی رکھے گی۔

اقتدار کی اس تقسیم کے فارمولے کے پہلے مرحلے میں آصف علی زرداری نے صدر کا عہدہ سنبھالا جبکہ یوسف رضا گیلانی چئیرمین سینیٹ منتخب ہو چکے ہیں۔

وزیراعظم، وفاقی کابینہ اور سپیکر قومی اسمبلی کے عہدے ن لیگ کے حصے میں آئے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نوید چودھری نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’سردار سلیم حیدر کو گورنر پنجاب نامزد ہونے پر ہم مبارک باد دیتے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو نے اس عہدے کے لیے نہایت موزوں شخصیت کو نامزد کیا ہے جس کے نتیجے میں کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ان شااللہ جیالا گورنر اپنی ذمہ داریاں نبھاتے وقت پارٹی کارکنوں کو ساتھ رکھیں گے۔‘

سردار سلیم حیدر کون ہیں؟سردار سلیم حیدر پیپلزپارٹی کے دیرینہ رکن ہیں اور ان کا تعلق اٹک سے ہے۔ انہوں نے پارلیمانی سیاست کا آغاز سنہ 2002 کے عام انتخابات میں کیا جب وہ پہلی مرتبہ پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے امیدوار بنے تاہم وہ یہ الیکشن ہار گئے تھے۔

سردار سلیم حیدر خان یوسف رضا گیلانی کی کابینہ میں وزیر دفاعی پیداوار رہے (فائل فوٹو: سلیم حیدر، فیس بک)سال 2008 کے عام انتخابات میں وہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور یوسف رضا گیلانی کی کابینہ میں وزیر دفاعی پیداوار رہے۔

بعد ازاں جب سپریم کورٹ کے ایک حکم کے نتیجے میں یوسف رضا گیلانی حکومت ختم ہوئی اور راجہ پرویز اشرف پیپلزپارٹی کے وزیر منتخب ہوئے تو سردار سلیم حیدر کو وزیر مملکت برائے دفاع کا عہدہ دیا گیا۔

اس کے بعد عام انتخابات 2013 میں سلیم حیدر اپنی سیٹ ایک مرتبہ پھر ہار گئے تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.