Add Poetry

یارب بخش دے

Poet: م الف ارشیؔ By: Muhammad Arshad Qureshi (Arshi), Karachi

یا رب تو ایسا اب ہمیں سنسار بخش دے
جو امن اور سکوں کا ہو شہکار بخش دے

نفرت کا خاتمہ میں یوں دنیا سے کر سکوں
یارب دعا ہے دولتِ افکار بخش دے

میرے دکھوں کو بانٹنے والا بھی ہو کوئی
ایسا تو مجھ کو کوئی غم خوار بخش دے

سمجھیں یہاں پہ لوگ مری بات کو سبھی
مجھ کو تو ایسی قوتِ اظہار بخش دے

سنتا نہیں یہاں پہ کوئی بات کو مری
لفظوں کو میرے قوتِ گفتار بخش دے

دنیا سے ظالموں کا کرے خاتمہ جو اب
ایسا ہمیں یہاں کوئی جی دار بخش دے

حاکم ہمیں عطا ہو خدا عمرؓ سا کوئی
پھر سے ہمیں تو حیدرِ کرار بخش دے

اس قوم کو تو صاحبِ کردار بخش دے
ہو کوئی گر جناح سا معمار بخش دے

یہ سر نہیں جھکے کبھی ظالم کے سامنے
سولی چڑھائے ہم کو یا ہر بار بخش دے

کرتے رہیں بیاں سدا مدحت رسولﷺ کی
اشعار کو مرے تو یہ گفتار بخش دے

ڈٹ جائیں ہم حسینؓ کے انکار کی طرح
ظالم کے آگے قوتِ اظہار بخش دے

دنیا کی رغبتوں نے بھی بزدل بنادیا
سنت نبیﷺ پہ چلنے کے اطوار بخش دے

یارب مجھے بھی آقا ﷺ کا جلوہ دکھائی دے
کعبے میں مجھ کو بھی اک افطار بخش دے

ارشیؔ کی یہ دعا بھی خدایا قبول ہو
محشر میں تو شفاعتِ سرکارﷺ بخش دے
 

Rate it:
Views: 493
26 Nov, 2018
Related Tags on General Poetry
Load More Tags
More General Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets