مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے مقابلے میں پاکستان تحریک
انصاف بطور سیاسی جماعت محض ایک چوں چوں کا مربہ ہے ۔ سیاسی نظریات ،سیاسی
نظام اورتنظیم سے پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکن ناواقف ہیں ۔ عمران خان کو
وزیر اعظم آصف زرداری اور نواز شریف نے بنایا بصورت دیگر عمران خان شاید
کبھی اپوزیشن لیڈر بھی نہ بن پاتے ۔ عمران خان وزارت عظمی کے حصول اور پی
ٹی آئی کے اقتدار میں آنے کے بعدایک سال کی حکومت میں سابقہ حکومتوں سے
بھی بد تر کارکردگی رہی ہے ۔ غریب عوام محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے
بعد عمران خان کو امید کی نظروں سے دیکھنے لگے تھے ۔ دوسری جانب نواز شریف
اور پیپلزپارٹی کی قیادت بداعمالیوں سے سبق سیکھنے کی بجائے ڈرٹی پولیٹکس
پر اتر آئی اور سیاسی میدان کو پراگندہ کردیا گیا ۔ عمران خان اور اس کے
تھنک ٹینک نے موقع غنیمت سمجھتے ہوئے گالم گلوچ کی سیاست کو ہی وسیلہ
اقتدار بنایا نواز شریف چور اور آصف علی زرداری ڈاکو ہے کا نعرہ لیکر عوام
کی حمایت حاصل کرلی ۔ اگر نواز شریف اور زرداری سیاسی نظریات،اصول اور
اخلاقیات کا دامن نہ چھوڑتے تھے تو عمران خان کو بھی ڈرٹی پالیٹکس کا موقع
میسر نہ آتا اور نہ ہی عوام ایک نئے دھوکے کا شکار ہوتے ۔ عمران خان کے
پشت بانوں نے بھی وہی کیا جو وہ گزشتہ 72سالوں سے کر رہے تھے ۔ وہی پرانا
کھیل رچایا گیا ۔ کرپشن اور بدعنوانیوں کی فائلیں کھولی گئیں ۔ ونر ہارسزکو
ہانک کر پی ٹی آئی کی بس میں چڑھایا جاتا رہا ہے ۔ بدقستمی سے ہر بار یہی
ہوتا آیا ہے کہ جب سب تجزیئے ،سب قیافے،سب خواہشیں ،سب فارمولے ریت کی
دیوار ثابت ہوتے ہیں تو پھر ہاتھ پاوں مارے جاتے ہیں کہ اب کیا کریں ۔ یہ
تو بیرونی سرمایہ کاری لانے میں ناکام رہا ہے ۔ اوورسیز پاکستانیوں نے تو
اس کے کہنے پر ڈیم فنڈز میں پیسے جمع نہیں کرائے ہیں ۔ پاکستان میں سرمایہ
آنے کی بجائے شفٹ ہونا شروع ہوگیا ہے ۔ کشمیر ایشو پر ہم پچھلے بنچوں پر
بیٹھے ہیں ۔ مظفرآباد کا جلسہ بھی پی ٹی آئی شو رہا ہے جوکشمیریوں کے
زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف تھا ۔
تمام اندازے غلط ثابت ہوئے ہیں ۔ یہ تو نکما نکلا ہے ۔ اب کیا کریں ۔ بقراط
پھر نئے دلائی لامے کی تلاش میں نکل پڑتے ہیں ۔ قخط الرجال کے اس موسم میں
سنا ہے کہ سابقین کومنانے کی سعی لاحاصل جاری ہے ۔ جوکہ عمران خان کو لانے
سے بھی بڑا بلنڈر ثابت ہوگا ۔ عوام پھر اک نئے عذاب میں مبتلا ہوجائیں گے ۔
عقل مندی اور ہوش مندی کا تقاضا یہی ہے کہ وسیع تر ملکی مفاد میں حکومت کی
مدت پوری ہونے تک کوئی جماعت کھڑی کرنے کی بجائے اسی جماعت کی صفیں درست کی
جائیں بے شک امامت کسی سمجھدار کو سونپ دی جائے ۔ قیادت کے بحران میں اگر
کوئی نیا ایڈونچر کیا گیا تو حالات مزید خرابی کی جانب جائیں گے ۔ طبقہ
اشرافیہ اور حکمران طبقے کو تو کوئی فرق نہیں پڑے گا مگر غریب عوام
حکمرانوں کے کھیل میں پس جائیں گے ۔ ایک غلطی کو سدھانے کےلئے دوسری غلطی
کا ارتکاب تباہی کا موجب بنے گا ۔ پشت بان گھوڑا تبدیل نہیں کرتے ہیں بلکہ
گھوڑے کو سدھارتے ہیں ۔ راہ میں پڑے پتھر ہٹاتے ہیں ۔ پشت بانوں پر فرض بھی
عائد ہوتا ہے کہ وہ پشت بانی کریں ۔ ہنگامی بنیادوں پرکام کریں ۔ جس طرح
عوام کو رٹایا گیا ہے کہ ملک وقوم کے محافظ ہیں ۔ ھب الوطنی ہم سے ہے تو کر
کے بھی دیکھائیں ۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کےلئے کندھے سے کندھا ملا کر
مسائل حل کریں ۔ پکنک کا وقت گزر چکا ہے ۔ فرار حاصل کرنا کسی بھی مسلے
کاحل بالکل بھی نہیں ہے ۔ لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ پشتبان اپنی سوچ کا
زاویہ گھمائیں اور ملک و قوم کی ترقی اور بہتری کےلئے اپنا مثبت کردار ادا
کرتے ہوئے ناکامیوں اور خرابیوں کو کامیابیوں کی طرف لیکر جائیں ۔ ۔
جعفرافیائی ،سیاسی ،سماجی اور معاشی صورتحال ناگفتہ بہ ہے ۔ ملک اس وقت
حقیقی طور پرتاریخ کے نازک ترین موڑ پر پہنچ گیا ہے ۔ |