حکومتی اشاریے خواہ کچھ بھی کہیں نئے پاکستان میں
پریشانی ہر چہرے سے عیاں ہے۔ تاجر حضرات معاشی بے یقینی کی صورتحال کی وجہ
سے فکر مند ہیں۔ روز بروز بڑھتی مہنگائی نے ملک کے 85 فیصد متوسط طبقے کو
تشویش میں مبتلا کررکھا ہے ۔ غریب و مزدور طبقے کے لیے دو وقت کی روٹی جوئے
شیر لانے کے مترادف ہے ۔ ملک کے بیشتر افراد کے لیے جسم و جان کا رشتہ
برقرار رکھنا مشکل ہوچکا ہے۔ لوگ حالات سے مجبور ہوکر خود کشیاں کررہے ہیں،
بے روزگاری کا شکار ہورہے ہیں مگر ان حالات میں بھی حکمران طبقہ عملی
اقدامات کی بجائے محض اپنی ضد پر قائم ہے۔ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان
نے کہا کہ’’ اپوزیشن مہنگائی سے متعلق حکومت کے خلاف پروپیگنڈہ کررہی ہے۔
معیشت خراب کرنے کے ذمہ دار اپنی سیاست بچانے کیلئے عوام کو گمراہ کر رہے
ہیں،تمام معاشی اشاریے مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں‘‘۔ اقتدار میں آنے سے
قبل تحریک انصاف کے رہنما اپنے دھرنوں، جلسوں اور ریلیوں میں بلند و بانگ
دعوے کرتے کہ ان سے بڑا عوام کا خیر خواہ اور کوئی نہیں ہوسکتا۔ وہ ملک سے
مہنگائی ، بے روزگاری اور کرپشن کا خاتمہ کرنے کی بات کرتے، اور یہ بھی
کہتے کہ ان کے دور حکومت میں غریبوں کو ریلیف ملے گا اور عوام خوشحال ہوں
گے ۔ ان کے یہ دعوے سن کر عوام پاکستان کو یوں لگا جیسے یہی ان کے مسیحا
اور ان کے دکھوں کا مداوا کرنے والے لوگ ہیں۔ مگر اقتدار میں آنے کے بعد
پاکستان تحریک انصاف اور تبدیلی کے دعویداروں نے سب سے زیادہ عوام پاکستان
کو مایوس کیا ہے۔
کیونکہ جس دن سے پاکستان تحریک انصاف برسر اقتدار آئی ہے عوام کو میسر تمام
ریلیف اور سبسڈیاں ختم کردی گئی ہیں، اس کے علاوہ روز بروز بڑھتی مہنگائی
کا سلسلہ ہے کہ رکنے کو نہیں آرہا۔ آہ ! وقت بدل گیا ، دنیا بدل گئی ، لیکن
نہ بدلے تو ہماری عوام کے حالات نہ بدلے ، ہماری قوم آج بھی حالات کی گردش
میں ہے۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ دکاندار کیلئے دکان کھولنا مشکل، فیکٹری
مالکان کیلئے فیکٹری چلانا مشکل، تاجر کیلئے تجارت کرنا مشکل اور کسان
کیلئے کاشتکاری مشکل ترین ہوگئی ہے ۔ بجلی ، گیس، پٹرولیم مصنوعات، آٹا ،
گھی ، چینی سمیت اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے مہنگائی
کے طوفان کا سامنا کرنے کے لیے عوام کو بے آسرا چھوڑ دیا گیا ہے ۔اور یوں
لگتا ہے جیسے بہ حیثیت قوم ہم اس کشتی کے مسافروں کی طرح ہیں جو موجوں کے
رحم و کرم پر ہو۔ ہر آنیوالا حکمران جانے والے کو ملک کی معاشی بدحالی و
بربادی کا ذمہ دار ٹھہراتا ہے۔ ملک و قوم پر قرضوں کے بوجھ اور خزانہ خالی
کا قصور وار سابقہ حکمرانوں کو قرار دیتا ہے ۔لیکن موجودہ حکمران نئے
طریقوں اورانداز سے قوم کو بہلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔سابقہ حکمرانوں کو
چور کہنے والے موجودہ حکمرانوں کا کہنا ہے کہ وہ جاتے ہوئے سب لوٹ کر لے
گئے ۔خزانہ ایسا خالی کیاکہ جب ہم نے اقتدار سنبھال کر دیکھا تو خزانے میں
کچھ بھی نہ تھا۔سرکاری اداروں میں غیر قانونی بھرتیاں تھیں۔کرپشن کا ایسا
بازار لگایا تھا کہ دو اڑھائی سال سے ہم سراغ لگاتے لگاتے تھک گئے لیکن
سابقہ حکمرانوں کی کرپشن کی داستانیں ختم نہیں ہو رہی ہیں۔ الغرض اس طرح کی
بے شمار باتیں کی جا رہی ہیں لیکن حسب سابق یا حسب روایت قوم کی حالت کی
تبدیلی اور بہتری کے لئے ایک انچ بھی قدم نہیں بڑھایا گیا۔ اور آج تحریک
انصاف کے دور حکومت میں بھی کرپشن ہورہی ہے ، میرٹ کی دھجیاں بکھیری جارہی
ہیں،بیورو کریٹس اور سرکاری افسران سے لے کر کلرک تک کے بارے میں کہا جاتا
ہے کہ یہ تعاون نہیں کررہے اور وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ یہ سابقہ حکمرانوں
کے منظور نظر ہیں۔ چیف سیکرٹریز ، آئی جیز سمیت اعلیٰ سطح افسران کو آئے
روز تبدیل کیا جارہا ہے، مگر کیا وجہ ہے کہ مطلوبہ نتائج پھر بھی حاصل نہیں
ہوپارہے۔ بیورو کریسی ہو یا پولیس کے اعلیٰ افسران یہ حکومت کے احکامات پر
قانون کے مطابق عمل کرتے ہیں، اس لئے اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے بجائے
اداروں اور افراد پر الزام لگانا مناسب نہیں ہے نہ ہی یہ مسائل کا حل ہے ۔
موجودہ حکمران جو کل تک کہتے تھے پٹرول کی قیمت عالمی مارکیٹ سے 45 روپے
لیٹر زیادہ ہے، اور اب وہ عوام پر براہ راست اثر انداز ہونے والے حکومتی
ٹیکسوں میں پے در پے اضافہ کررہے ہیں۔ جس پر شہری چیخ رہے ہیں کہ اگر غریب
پاکستانیوں کے زخموں کا مداوا کرنے کی بجائے مہنگائی و گرانی کا سونامی ہی
لانا تھا تو پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی حکومت ان سے بہتر تھی۔ پاکستانی
قوم گزشتہ 73 سالوں سے کبھی کسی فوجی ڈکٹیٹر تو کبھی کسی جمہوری حکومت کے
دعوؤوں اور وعدوں کے سہارے محض جوتیاں گھساتی چلی آئی ہے مگر نتیجہ یہ نکلا
کہ آج قوم کا ہر فرد ڈیڑھ لاکھ روپے سے زائد کا مقروض ہے جبکہ یہاں محنت کش
کے دونوں ہاتھ خالی ہیں۔ پاکستان میں بد سے بدترین حالات میں جمہوری
حکومتیں وجود میں آتی رہی ہیں لیکن کسی حکومت کے بارے میں یہ کہنا غلط نہ
ہو گاکہ ابھی وہ اپنے پاؤں پر چلنے کے قابل بھی نہیں ہوتی ، اور جلد ہی
عوام اس کی کارکردگی دیکھ کر مایوسی کا اظہار کرنے لگتے ہیں ۔ عمران خان کی
حکومت بھی جس رفتار سے چل رہی ہے اس میں کردار سے زیادہ گفتار سے کام لیا
جا رہا ہے، اور کچھ کر دکھانے کی بجائے ہر روز ایک نئی طفل تسلی کا اعلان
ہوجاتا ہے ، یوں اڑھائی سالہ کے حکومتی اقدامات محض ہاتھ باندھنے کی حکمت
عملی سے زیادہ نہیں۔خطے کے حالات اور حکومت کی پے در پے ناکامیاں یہ اشارہ
دے رہی ہیں کہ اب ملک مزید تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا نہ ہی موجودہ نظام
میں رفو گری کی گنجائش موجود ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مہنگائی کا خاتمہ
کرکے اور بنیادی اشیائے خورد و نوش کی سرکاری نرخ پر فروخت یقینی بنا کر
عام آدمی کو روزگار اور عزت کے ساتھ دو وقت کی روٹی فراہم کرنے کا بندوبست
کیا جائے ، عوام سے ٹیکسوں کا بوجھ کم کرکے ملک سے معاشی بدحالی کو ختم کیا
جائے۔
|