پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان
ہمیں داغ مفارقت دے گئے افسوس کہ ہمارے حکمرانوں نے ان پر پابندیاں لگانے
کے علاوہ ان سے کوئی کام نہ لیاوہ پاکستان اور پاکستانی عوام کی دل وجان سے
خدمت کرنا چاہتے تھے جب ملک میں بجلی کا شارٹ فال حد سے زیادہ بڑھ گیا تو
انہوں نے حکومت کو آفر کی کہ میں سستی اور وافر بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت
رکھتا ہوں حکومت موقعہ دے تو میں یہ کام بھی کر سکتا ہوں مگر کسی کے کان پر
جوں تک نہ رینگی انہیں کسی حکمران نے اپنی ٹیم میں شامل نہ کیا حکمرانوں سے
مایوس ہوکر انہوں نے عوام کے پاس جانے کا فیصلہ کیا 17جولائی 2012 کو تحریک
تحفظ پاکستان کے نام سے ایک سیاسی جماعت بنا کر سیاست میں باقاعدہ آنے کا
اعلان کردیا اس وقت انکے قریبی ساتھی اور تحریک تحفظ پاکستان کے مرکزی
سیکریٹری جنرل جناب خورشید زمان خان کی دعوت پر میں بھی ٹی ٹی پی میں شامل
ہوگیا یہ وہ والی ٹی ٹی پی نہیں بلکہ تحریک تحفظ پاکستان تھی ڈاکٹرصاحب کی
مشاورت سے مجھے پارٹی کا مرکزی جوائنٹ سیکریٹری اطلاعات اور انچارج میڈیا
سیل پنجاب بنا دیا گیا ڈاکٹر صاحب سے عقید ت تو بہت پرانی تھی مگرمحبت
،پیار اور خلوص کا رشتہ ان سے ملاقاتوں کے بعد پیدا ہوا ڈاکٹر صاحب انتہائی
نفیس اور خوبصورت انسان تھے پاکستان سے محبت اور وفاداری انکے خون میں رچی
بسی ہوئی تھی جسکا اظہار وہ کبھی کبھی یوں بھی فرماتے تھے کہ جب پاکستان
بنا تو ہم ننگے پاؤں پیدل چل کر پاکستان پہنچے اور اس وقت سے لیکر آج تک
وطن کی مٹی کا حق ادا کررہے ہیں جس کا لمس انہوں نے پہلی بار اپنے ننگے
پاؤں میں محسوس کیا تھا اسی مٹی کی محبت کا اثر تھا کہ انہوں نے بیرون ملک
اپنا شاندار مستقبل داؤ پر لگاتے ہوئے اس وقت پاکستان کے سفیر میاں
عبدالوحید کو خط لکھ دیا اس خط کی تفصیل میاں عبدالوحید صاحب نے بعد میں
مجھے ڈاکٹر صاحب کے سامنے بتائی میاں عبدالوحید سابق سفارتکار اور لاہور سے
دو مرتبہ ایم این اے رہے جسکے بعد وہ سیاست سے کنارہ کش ہوکر اپنا بزنس چلا
رہے تھے میں نے انہیں دوبارہ سیاست میں گھسیٹتے ہوئے تحریک تحفظ پاکستان
میں شامل کروادیا اور پھر جب بھی ڈاکٹر صاحب لاہور تشریف لاتے تو سیاسی
بیٹھک میاں عبدالوحید صاحب کے دفتر میں ہی ہوتی اور میاں صاحب نے اپنا وہی
دفتر تحریک تحفظ پاکستان کے لیے وقف کردیا ایک بار ہم تینوں بیٹھے ہوئے تھے
تو ڈاکٹر صاحب نے اپنے خط کا ذکر چھیڑ دیا جس پر میاں صاحب نے بتایاکہ ہمیں
ایسے بہت سے خط ملتے رہتے تھے جو اکثر ردی کی ٹوکری کی نظر ہوجاتے مگر آپ
کا خط پڑھ کر میں نے فیصلہ کیا کہ اسے وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو تک ضرور
پہنچاؤں اور جب میں نے اس خط کا ذکر بھٹو صاحب سے کیا تو انہوں نے فورا
ڈاکٹر صاحب سے ملنے کا فیصلہ کیا جسکے نتیجہ میں پاکستان ایٹمی طاقت بن گیا
اسی دوران کیا کیا ہوتا رہااور کن کن مشکلات سے پالا پڑتا رہا یہ ایک لمبی
داستان ہے۔ڈاکٹر صاحب نے 11مئی 2013 کے الیکشن میں خودحصہ نہ لینے کا فیصلہ
کرتے ہوئے پڑھے لکھے افراد کو آگے لانے کا فیصلہ کیا اور ملک بھر میں تحریک
تحفظ پاکستان کیلیے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے مگر بدقسمتی سے عوام نے
حکمرانوں کی طرح ڈاکٹر صاحب کو نظر انداز کیا اور ہم ایک بھی سیٹ نہ جیت
سکے جسکے بعد ڈاکٹر صاحب سیاست سے دلبرداشتہ ہوگئے الیکشن کمیشن میں
درخواست دیکر پارٹی کو ختم کردیا اور پھر گوشہ نشین ہوگئے اسکے بعد جب بھی
میری ڈاکٹر صاحب سے ملاقات ہوتی تو وہ بڑے پیار اور محبت سے مجھے اپنے گھر
کے برآمدے میں بٹھاتے اور پھر بڑے دکھ سے ایک بات ضرور کہتے کہ ویسے تو لوگ
مجھے محسن پاکستان کہتے ہیں میرے ہاتھ چومتے ہیں اپنی جان تک نچھاور کرنے
کو تیار ہیں مگر ووٹ نہیں دیتے اس قوم کی حالت کیسے سدھرے گی ڈاکٹر صاحب کے
ساتھ میرا جتنا بھی وقت گذرا وہ ہمیشہ پاکستانیوں کے لیے فکر مند رہے ہم نے
انہیں محسن پاکستان کا خطاب تو ضرور دے رکھا تھا مگرالیکشن میں ہماری
ہمدردیاں انکے ساتھ تھیں جو کرپٹ تھے کروڑوں روپے الیکشن میں جھونک دیتے
تھے جن کو پاکستان کی فکر تھی نہ پاکستانی قوم کی افسوس ہم اپنے محسن کی
قدر نہ کرسکے اور آج وہ منوں مٹی تلے جا سویا ۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان 1936
میں بھارت کے شہر بھوپال میں پیدا ہوئے اور بھوپال کبھی بھی انکے ذہن سے
نہیں اترا انکا کہنا تھا کہ بھوپال نے آج تک نہ کوئی غدار پیدا کیا اور نہ
ہی وہاں کوئی قادیانی پیدا ہوا وہ سچے عاشق رسول تھے اور محب وطن پاکستانی
تھے انہوں نہ صرف ایٹم بم بنایا بلکہ پاکستان کیلئے ایک ہزار کلومیٹر دور
تک مار کرنے والے غوری میزائیل سمیت چھوٹی اور درمیانی رینج تک مارکرنے
والے متعدد میزائیل تیار کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا25 کلو میٹر تک مار
کرنے والے ملٹی بیرل راکٹ لانچرز، لیزر رینج فائنڈر، لیزر تھریٹ سینسر،
ڈیجیٹل گونیومیٹر، ریموٹ کنٹرول مائن ایکسپلوڈر، ٹینک شکن گن سمیت پاک فوج
کے لئے جدید دفاعی آلات کے علاوہ ٹیکسٹائل اور دیگر صنعتوں کیلئے متعدد
آلات بھی بنائے ڈاکٹر قدیر خان کو 13 طلائی تمغے ملے انہوں نے ایک سو پچاس
سے زائد سائنسی تحقیقاتی مضامین بھی لکھے ہیں انیس سو ترانوے میں کراچی
یونیورسٹی نے ڈاکٹر خان کو ڈاکٹر آف سائنس کی اعزازی سند دی تھی۔ چودہ اگست
1996 میں صدر فاروق لغاری نے ان کو پاکستان کا سب سے بڑا سِول اعزاز نشانِ
امتیاز دیا جبکہ 1989 میں ہلال امتیاز کا تمغہ بھی انکو عطا کیا گیا
تھاڈاکٹر صاحب انتہائی سادہ اور شریف النفس انسان تھے ہم بطور انسان ان سے
محبت اور عقیدت تو رکھتے ہی تھے جانوروں کو بھی میں نے انکے پاؤں چومتے
دیکھا میں اور ڈاکٹر صاحب جب بھی انکے گھر کے برآمدے میں کرسیوں پر بیٹھتے
تو دیوار پھلانگ کر بہت سے بندر آجاتے جو ڈاکٹر صاحب کے پاس آکر بیٹھ جاتے
اور انہیں دیکھتے رہتے کچھ بندروں کو میں نے انکے پاؤں چومتے ہوئے بھی
دیکھا کیا خوبصورت درد دل والے انسان تھے ایک اور بات جب الیکشن کی گہما
گہمی تھی تو اس وقت کسی میڈیا ہاؤس نے انہیں بلانے کی زحمت گوارا نہیں کی
اخبار وں میں خبریں منتیں کرکرکے لگوایا کرتے تھے وہ بھی سنگل اور ڈبل کالم
اور جب وہ دنیا سے چلے گئے تو اخبارات نے اپنے صفحے کالے کر دیے اور چینلز
نے سارا دن انکی ہی خبریں چلائیں آخر میں تحریک تحفظ پاکستان کے پرانے
ساتھی عبدالقیوم باجوہ کی وال سے صرف ایک شعر ۔
عمر بھر سنگ زنی کرتے رہے اہل وطن
یہ الگ بات ہے دفنائیں گے اعزاز کے ساتھ
|