شان سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ احادیث نبوی ﷺ کی روشنی میں

حقیقت کی زبان صدیق اکبر
صداقت کا بیان صدیق اکبر
وہ حق کا ترجماں صدیق اکبر
نبی کا راز داں صدیق اکبر
کبھی نہ ساتھ چھوڑا مصطفٰی کا
جہاں آقا وہاں صدیق اکبر
نبی کے نام پر سب کچھ فدا ہے
محبت کا نشان صدیق اکبر
نیازی میں اور ان کے وصف لکھوں
کہاں میں اور کہاں صدیق اکبر


حقیقت کی زبان صدیق اکبر
صداقت کا بیان صدیق اکبر
وہ حق کا ترجماں صدیق اکبر
نبی کا راز داں صدیق اکبر
کبھی نہ ساتھ چھوڑا مصطفٰی کا
جہاں آقا وہاں صدیق اکبر
نبی کے نام پر سب کچھ فدا ہے
محبت کا نشان صدیق اکبر
نیازی میں اور ان کے وصف لکھوں
کہاں میں اور کہاں صدیق اکبر

جن خوش نصیبوں نے اىمان کے ساتھ سرکارِ عالی وقار ﷺکى صحبت پائى، چاہے یہ صحبت اىک لمحے کے لئے ہی ہو اور پھر اِىمان پر خاتمہ ہوا انہیں صحابی کہا جاتا ہے۔ یوں توتمام ہی صحابۂ کرام رضیَ اللہُ عنہم عادل، متقی ،پرہیز گار، اپنے پیارے آقا ﷺپر جان نچھاور کرنے والے اور رضائے الٰہی کی خوش خبری پانےکے ساتھ ساتھ بے شمارفضائل و کمالات رکھتے ہیں لیکن ان مقدس حضرات کی طویل فہرست میں ایک تعداد ان صحابہ رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین کی ہے جوایسے فضائل و کمالات رکھتے ہیں جن میں کوئی دوسرا شریک نہیں اور ان میں سرِ فہرست وہ عظیم ترین ہستی ہیں کہ جب حضرت سیّدنا علیُّ المرتضیٰ رضیَ اللہُ عنہ سے پوچھا گیا کہ: رسولُ اللہ ﷺکے بعد (اس اُمّت کے) لوگوں میں سب سے بہترین شخص کون ہیں؟ تو حضرت سیّدنا علی رضیَ اللہُ عنہ نے ارشاد فرمایا: حضرت ابو بکر صدیق رضیَ اللہُ عنہ۔

بخاری،ج2،ص522، حدیث:36717

حضرت سیّدنا ابوبکر صدیق رضیَ اللہُ عنہ کی ذاتِ گرامی سے متعلق چند ایسے فضائل و کمالات پڑھئے جن میں آپ رضیَ اللہُ عنہ لاثانی و بے مثال ہیں۔

ثَانِیَ اثْنَیْنِ: اللہ پاک نے آپ رضیَ اللہُ عنہ کیلئےقراٰنِ مجید میں’’صَاحِبِہٖ‘‘یعنی ”نبی کے ساتھی“ اور ”ثَانِیَ اثْنَیْنِ“(دو میں سے دوسرا)فرمایا،(یہ فرمان کسی اور کے حصّے میں نہیں آیا۔

آپ رضیَ اللہُ عنہ کا نام صدیق آپ کے رب نے رکھا،آپ کے علاوہ کسی کا نام صدیق نہ رکھا۔جب کفّارِ مکّہ کے ظلم و ستم اور تکلیف رَسانی کی وجہ سے نبیِّ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے مکّۂ معظمہ سے ہجرت فرمائی تو آپ رضیَ اللہُ عنہ ہی سرکارِ دو عالَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّمکے رفیقِ ہجرت تھے۔ اسی ہجرت کے موقع پر صرف آپ رضیَ اللہُ عنہ ہی رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے یارِ غار رہے۔

تاریخ الخلفاء، ص: 46ملتقطاً

حضرت عباس سے روایت ہے کہ نبی کریمﷺنے فرمایا، میں نے جس کو بھی اسلام کی دعوت دی اُس نے پہلے انکار کیا سوائے ابوبکر کے کہ انہوں نے میرے دعوتِ اسلام دینے پر فوراً ہی اسلام قبول کر لیا اور پھر اس پر ثابت قدم رہے ۔ (تاریخ الخلفاء:٩٨، ابن عساکر)

حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریمﷺنے فرمایا،بیشک اپنی صحبت اورمال کے ساتھ سب لوگوں سے بڑھ کر مجھ پر احسان کرنے والا ابوبکر ہے ۔ اگر میں اپنے رب کے سوا کسی کو خلیل بناتا تو ابوبکر کو بناتا لیکن اسلامی اخوت و موّدت تو موجود ہے ۔آئندہ مسجد میں ابوبکر کے دروازے کے سوا کسی کا دروازہ کھلا نہ رکھا جائے ۔ (بخاری،ج 1،ص177، حدیث:466،تفہیم البخاری،ج 1،ص818) ۔ دوسری روایت میں یہ ہے کہ ابوبکر کی کھڑکی کے علاوہ (مسجد کی طرف کھلنے والی) سب کھڑکیاں بند کر دی جائیں ۔ ( صحیح مسلم کتاب فضائل الصحابۃ) حضرت عبدﷲبن مسعود رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریمﷺنے فرمایا ، اگر میں کسی کو خلیل بناتا تو ابوبکر کو خلیل بناتا لیکن وہ میرے بھائی اور میرے ساتھی ہیں اور تمھارے اِس صاحب کو ﷲ تعالیٰ نے خلیل بنایا ہے ۔ (مسلم کتاب فضائل الصحابۃ)

خلیل سے مراد ایسا دِلی دوست ہے جس کی محبت رگ وپے میں سرایت کر جائے اور وہ ہر راز پر آگاہ ہو ، نبی کریمﷺنے ایسا محبوب صرف اللہ تعالیٰ کو بنایا۔رب تعالیٰ نے بھی آپ کو اپنا ایسا محبوب وخلیل بنایا ہے کہ آپ کی خلّت سیدنا ابراہیم ں کی خلّت سے زیادہ کامل اور اکمل ہے ۔ (اشعۃ اللمعات)

جنّت میں پہلے داخلہ: حضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشادفرمایا: جبریلِ امین علیہِ السَّلام میرے پاس آئےاور میرا ہاتھ پکڑ کر جنّت کا وہ دروازہ دکھایاجس سے میری اُمّت جنّت میں داخل ہوگی۔ حضرت سیّدناابوبکر صدیق رضیَ اللہُ عنہ نے عرض کی: یَارسولَ اللہ!میری یہ خواہش ہے کہ میں بھی اس وقت آپ کے ساتھ ہوتا، تاکہ میں بھی اس دروازے کو دیکھ لیتا۔ رحمتِ عالَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: ابوبکر! میری اُمّت میں سب سےپہلے جنّت میں داخل ہونے والے شخص تم ہی ہوگے۔ ابو داؤد،ج 4،ص280،حدیث:4652)

حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ سیدنا ابوبکر رضی اللہ تعالی عنہ نے فرمایا، جس وقت ہم غار میں تھے۔ میں نے اپنے سروں کی جانب مشرکوں کے قدم دیکھے تو عرض کی ، یارسول اللہﷺ! اگر ان میں سے کسی نے اپنے پیروں کی طرف دیکھا تو وہ ہمیں دیکھ لے گا۔ نبی کریمﷺنے فرمایا،اے ابوبکر! تمہارا ان دو کے متعلق کیا خیال ہے جن میں کا تیسرا اللہ تعالیٰ ہے ۔ (مسلم کتاب فضائل الصحابۃ،

فضائل الخلفاء لابی نعیم، ص38، حدیث:10

بخاری،ج 2،ص591، حدیث: 3904

پیارے نبی ﷺ نے ایک دفعہ حضرت صدیق رضیَ اللہُ عنہ سے فرمایا: تم میرے صاحب ہوحوضِ کوثر پر اور تم میرے صاحب ہو غار میں

ترمذی،ج 5،ص378، حدیث:3690

شفیعِ اُمّت ﷺنے حضرت سیّدنا جبریلِ امین علیہِ السَّلام سے اِسْتِفْسار فرمایا: میرے ساتھ ہجرت کون کرے گا؟ تو سیّدنا جبریلِ امین علیہِ السَّلام نے عرض کی: ابو بکر (آپ کے ساتھ ہجرت کریں گے)، وہ آپ کے بعد آپ کی اُمّت کے معاملات سنبھالیں گے اور وہ اُمّت میں سے سب سے افضل اوراُمّت پر سب سے زیادہ مہربان ہیں

جمع الجوامع،ج 11،ص39، حدیث:160

حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺنے ہمیں صدقہ کا حکم فرمایا۔ اس وقت میرے پاس کافی مال تھا ، میں نے کہا کہ اگر کسی روز میں حضرت ابو بکر رضی اللہ تعالی عنہ سے سبقت لے جاسکا تو آج کا دن ہوگا۔ پس میں نصف مال لے کر حاضر ہوگیا۔ نبی کریمﷺنے فرمایا کہ گھر والوں کے لئے کتنا چھوڑا ہے؟عرض گزار ہوا کہ اس کے برابر۔ حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالی عنہ اپنا سارا مال لے آئے تو فرمایا ، اے ابو بکر اپنے گھر والوں کے لئے کیا چھوڑا ہے؟ عرض گزار ہوئے ، ان کے لئے ﷲ اور اس کے رسول کو چھوڑ آیا ہوں ۔ میں نے کہا ، میں ان سے کبھی نہیں بڑھ سکتا ۔ (ترمذی،ابو داؤد،)

حضرت عائشہ صدیقہ رضی ﷲ عنہا سے روایت ہے کہ حضرت ابو بکر رضی اللہ تعالی عنہ نبی کریم ﷺ کی بارگاہ میں حاضرہوئے تو آپ نے فرمایا ، تمہیں ﷲ تعالیٰ نے آگ سے آزاد کردیا ہے ۔ اس دن سے ان کا نام عتیق مشہور ہو گیا ۔ (ترمذی،حاکم)

حضرت ابنِ عمر رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺنے فرمایا ، میں وہ ہوں کہ زمین سب سے پہلے میرے اوپر سے شق ہو گی ، پھر ابوبکر سے، پھر عمر سے، پھر بقیع والوں کے پاس آؤں گا تو وہ میرے ساتھ اٹھائے جائیں گے ۔ پھر میں اہلِ مکہ کا انتظار کروں گا ، یہاں تک کہ حرمین کے درمیان حشر کیا جائے گا ۔ (ترمذی)

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریمﷺنے فرمایا ، میرے پاس جبریل آئے تو میرا ہاتھ پکڑا تاکہ مجھے جنت کا وہ دروازہ دکھائیں جس سے میری امت داخل ہوگی۔ حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالی عنہ نے عرض کی، یا رسول ﷲا ! میں چاہتا ہوں کہ میں آپ کے ساتھ ہوتا ، تاکہ اس دروازے کو دیکھتا ۔ نبی کریمﷺنے فرمایا، اے ابوبکر! تم میری امت میں سب سے پہلے جنت میں داخل ہوگے ۔ (ابوداؤد)

حضرت ابو الدرداء رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریمﷺنے فرمایا، انبیاء کے علاوہ سورج کبھی کسی ایسے شخص پر طلوع نہیں ہوا جو ابوبکر سے افضل ہو ۔ (الصواعق المحرقۃ:١٠٣، ابونعیم)

حضرت سلیمان بن یسار رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریمﷺنے فرمایا، اچھے خصائل تین سو ساٹھ ہیں۔ سیدنا ابوبکر رضی اللہ تعالی عنہ نے عرض کی، یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! ان میں سے مجھ میں کوئی خصلت موجود ہے ؟ فرمایا، اے ابوبکر ! مبارک ہو۔ تم میں وہ سب اچھی خصلتیں موجود ہیں ۔ (الصواعق المحرقۃ:١١٢، ابن عساکر)

حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریمﷺنے فرمایا، میری امت پر واجب ہے کہ وہ ابوبکر کا شکریہ ادا کرے اور ان سے محبت کرتی رہے ۔ (تاریخ الخلفاء:١٢١،الصواعق المحرقۃ:١١٢، ابن عساکر)

حضرت معاذ بن جبلص سے روایت ہے کہ نبی کریمﷺنے ایک مسئلہ میں میری رائے دریافت فرمائی تو میں نے عرض کی، میری رائے وہی ہے جو ابوبکر کی رائے ہے۔ اس پر آقا کریم انے فرمایا، اللہ تعالیٰ کو یہ پسند نہیں کہ ابوبکر غلطی کریں ۔ (تاریخ الخلفاء:١٠٧، ابونعیم، طبرانی)

حضرت مولا علی رضی اللہ تعالی عنہ نے لوگوں سے پوچھا ، یہ بتاؤ کہ سب سے زیادہ بہادر کون ہے ؟ لوگوں نے کہا ، آپ ۔ حضرت سیدنا مولا علی رضی اللہ تعالی عنہ نے فرمایا ، نہیں ! سب سے زیادہ بہادر حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالی عنہ ہیں ۔ سنو ! جنگِ بدر میں ہم نے نبی کریمﷺکے لیے ایک سائبان بنایا تھا ۔ ہم نے آپس میں مشورہ کیا کہ اس سائبان کے نیچے نبی کریمﷺکے ساتھ کون رہے گا ، کہیں ایسا نہ ہو کہ کوئی مشرک نبی کریمﷺپر حملہ کر دے ۔ خدا کی قسم ! ہم میں سے کوئی بھی آگے نہیں بڑھا تھا کہ سیدنا ابوبکر رضی اللہ تعالی عنہ ہاتھ میں برہنہ تلوار لیے ہوئے نبی کریمﷺکے پاس کھڑے ہوگئے اور پھر کسی مشرک کو آپ کے پاس آنے کی جرأت نہ ہو سکی ۔ اگر کوئی ناپاک ارادے سے قریب بھی آیا تو آپ فوراً اس پر ٹوٹ پڑے ۔ اس لیئے آپ ہی سب سے زیادہ بہادر تھے ۔ (تاریخ الخلفاء: ١٠٠،مسند بزار)

اللہ ہم کو ان عظیم ہستیوں کے نقش قدم پہ چلاۓ اور ملک پاکستان کی جغرافیاٸی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت فرماۓ آمین
 

MUHAMMAD BURHAN UL HAQ
About the Author: MUHAMMAD BURHAN UL HAQ Read More Articles by MUHAMMAD BURHAN UL HAQ: 164 Articles with 279327 views اعتراف ادب ایوارڈ 2022
گولڈ میڈل
فروغ ادب ایوارڈ 2021
اکادمی ادبیات للاطفال کے زیر اہتمام ایٹرنیشنل کانفرنس میں
2020 ادب اطفال ایوارڈ
2021ادب ا
.. View More