چھوٹے چوہدری سے بڑے چوہدری تک

چھوٹے چوہدری نے 12جولائی 1960ءکو چکسواری ضلع میرپور کے ایک گاﺅں کلیال میں آنکھ کھولی مذہبی گھرانہ اور نیک ماں باپ چھوٹے چوہدری کا نام محمد سعید رکھا گیا چھوٹے چوہدری نے ابتدائی تعلیم چکسواری میں ہی حاصل کی اور پانچویں جماعت میں جب پہنچا تو کراچی اپنے ماموں کے پاس منتقل ہوگیا اور امریکن سکول Methodistسے پانچویں اور چھٹی جماعت کی تعلیم حاصل کی ساتویں اور آٹھویں جماعت کے لیے گورنمنٹ کمپری ہنسو ہائی سکول کوجوائن کیا دسویں جماعت میں حمیدیہ ہائی سکول جیکب آباد سے تعلیم حاصل کی انٹر کی تعلیم گورنمنٹ کالج میرپور سے حاصل کی اور امتحان کراچی سے پاس کیا گریجویشن کی ڈگری کراچی یونیورسٹی سے حاصل کی اور1979ءمیں اپنے والد حاجی محمد سلیم کی سرپرستی میں عملی زندگی میں قدم رکھ دیا چھوٹے چوہدری کی چار بہنیں اور ایک بھائی تھا اور چھوٹے چوہدری کے والد 1973ءمیں ذوالفقارعلی بھٹو کے دور حکومت میں کراچی بیڈفورڈ اور ٹویوٹا گاڑیوں کے کاروبار سے وابستہ ہوچکے تھے چھوٹے چوہدری کو بچپن ہی سے یہ موقع ملا کہ باوجود ضلع میرپور کی ایک تحصیل چکسواری کے ایک چھوٹے گاﺅں کلیال میں جنم لیتے ہوئے وہ کراچی سے لے کر پنچاب اور سندھ کے مختلف علاقوں کا مشاہدہ کرسکے اس سیاحی اور مختلف شہروں میں سکونت نے چھوٹے چوہدری کو بچپن ہی سے انسانی نفسیات اور رویوں کو سمجھنے میں مدددی اور کاروباری سوجھ بوجھ عطاکی ۔

چھوٹے چوہدری نے جوں ہی عملی طور پر کاروباری دنیا میں قدم رکھا پہلی کامیابی 1981ءمیں حاصل کی جب اسے فیڈریشن آف چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پاکستان کا ممبر منتخب کیا گیا یہاں سے چھوٹے چوہدری کی ترقی کا سفر شروع ہوگیا چھوٹے چوہدری نے 1989ءکو کراچی سے میرپور منتقلی کی 1993-95کے سیشن کیلئے آزادکشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر اور بعد ازاں اکتوبر 1998ءمیں چھوٹے چوہدری کو صدر منتخب کرلیا گیا اور 2005-6میں ایف سی سی پی آئی کا صدر منتخب کرکے چھوٹے چوہدری کو آخر کار” بڑا چوہدری“بنا دیا گیا یہ کسی بھی کشمیری کے لیے ایک بہت اعزاز تھا کہ وہ پاکستان کی مرکزی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی فیڈریشن کا مرکزی صدر بنے اور یہ اعزاز اللہ تعالیٰ نے چوہدری سعید کے نصیب میں لکھ دیا تھا یہ تھا وہ سفر جو چوہدری سعید نے کلیال نامی ایک علاقے سے شروع کیا اور کراچی سے ہوتے ہوئے میرپور پہنچ کر اس سنگ میل کوعبور کیا
اور بقول غالب یہ منزل حاصل کی کہ

بازیچہ ءاطفال ہے دنیا میرے آگے
ہوتا ہے شب وروز تماشہ میرے آگے
ہوتا ہے نہاں گردمیں صحرا میرے ہوتے
گھستا ہے جبیں خاک پہ دریا میرے آگے
ہے موجزن اک قلزمِ خوں کاش یہی ہو
آتا ہے ابھی دیکھیے کیا کیا میرے آگے

چوہدری محمد سعید نے بڑا چوہدری بننے کے بعد کیا کیا کارنامے سرانجام دیئے آئیے وہ بھی دیکھ لیتے ہیں
آج معاشی ناہمواری ،بیروزگاری ،صنعتی تباہ حالی کے مشکل ترین دور میں چوہدری سعید آزادکشمیر کا سب سے بڑا ٹیکس اداکرنے والا فرد ہے ،ریاست جموں وکشمیر میں جتنی بھی صنعتیں کام کررہی ہیں ان تمام میں بڑا چوہدری اس وقت سب سے زیادہ لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کا کارنامہ انجام دے رہا ہے یہ چوہدری محمد سعید پر اللہ تعالیٰ کا خصوصی کرم ہے کہ اس کی وساطت سے ہزاروں انسان روز گار حاصل کررہے ہیں چوہدری محمد سعید آزادکشمیر یونیورسٹی سینڈیکیٹ کا ممبر ،میرپور یونیورسٹی آف سائنس ٹیکنالوجی کی سینٹ کا ممبر ہونے کے ساتھ ساتھ آزادکشمیر رول سپورٹ پروگرام اور پلاننگ کمیشن میں پرائیویٹ سیکٹر کی نمائندگی کررہے ہیں آزادگروپ آف انڈسٹریز کے نام سے ایک بہت بڑی بزنس ایمپائر موٹر وہیکلز ،ٹیکسٹائل انڈسٹری ،پولی پراپلین اور چین آف میگا مارٹ کی صورت میں وجو دمیں آچکی ہے چوہدری سعید نے چھوٹے چوہدری سے لے کر بڑے چوہدری تک کا یہ سفر ناقابل یقین رفتار سے طے کیا اور آج ان کا چھوٹا بھائی چوہدری محمد نعیم اس بڑے کام میں ان کی بھرپور مدد کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔

قارئین آج کے اس کالم کا بنیادی مقصدکشمیری قوم سے تعلق رکھنے والے ایسے لوگوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے کہ جنہوں نے کسی نہ کسی سطح پر کوئی ایسا کارنامہ انجام دیا کہ جس پر ہم فخر کرسکیں کوئی بھی شخصیت 100فیصد غلطیوں سے مبرانہیں ہوتی ہر انسان میں مثبت او رمنفی پہلو پائے جاتے ہیں لیکن بہتر انسان وہی ہوتا ہے کہ جس کی مثبت سرگرمیاں زیادہ ہوں غلطیوں سے پاک ذات صرف اللہ کی ہے اور اللہ کے پیغمبر معصوم ہوتے ہیں ۔

قارئین چوہدری محمد سعید نے گزشتہ دنوں میدان سیاست میں بھی قدم رکھا اور پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے میرپور سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا انہیں ٹکٹ تو نہ دیا گیا لیکن حالیہ دنوں میں انہیں پاکستان مسلم لیگ ن ضلع میرپور کا آرگنائزر مقرر کردیا گیا سیاست میں ان کا یہ سفر کہاں جاکر پہنچتا ہے اور کیا رخ اختیار کرتا ہے اس کا فیصلہ آنے والا وقت کرے گا ان کے کئی دوست اور کئی ناقدین کاروباری دنیا کی کامیابیوں کے بعد سیاست کے اس پرپیچ راستے میں قدم رکھنے کو ایک غلط فیصلہ قرار دیتے ہیں دیکھئے کہ یہ فیصلہ درست ثابت ہوتا ہے یا غلط ۔۔

اُن کا یہ کہنا ہے کہ سیاست میں اُن کے آنے کا مقصد یہ ہے کہ آزادکشمیر کو پوری دنیا میں معاشی ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کیا جائے معاشرتی انصاف اور برابری پر مشتمل سوسائٹی کاقیام عمل میں لائے جائے اور آزادی کشمیر کی منزل حاصل کی جائے ۔چوہدری سعید کے کئی ناقدین یہ بھی کہتے دکھائی دیتے ہیں کہ انہوں نے کاروباری مقاصد حاصل کرنے کیلئے سیاست کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی پلاننگ کی ہے اور کئی دور کی کڑیاں ملانے والے لوگ تو یہاں تک الزام لگاتے ہیں کہ سیاسی قد کاٹھ حاصل کرکے وہ اپنے کاروباری قرضے معاف کرانا چاہتے ہیں ان تمام الزامات میں کتنی سچائی ہے اور کتنی رنگ آمیزی اس کا فیصلہ آنے والے وقت کرے گا لیکن ہم نے جو دیکھا ہے وہ بیان کردیا کہ آج چوہدری محمد سعید آزادکشمیر کا سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والا شہری اور سب سے زیادہ لوگوں کو روز گار مہیاکرنے والا انڈسٹرلسٹ ہے اور یہ کارنامہ کوئی چھوٹا کارنامہ نہیں ہے پاکستان اور آزادکشمیر کی موجودہ زمینی حقیقتیں یہ ہیں کہ جتنے بھی سیاستدان کاروبار کررہے ہیں ان کے ٹیکس کے گوشوارے دیکھ کر شرم سے سر جھک جاتا ہے اور یہاں تک دل چاہتا ہے کہ ان غریبوں کیلئے رمضان میں چندہ مہم کی جائے اس صورت حال میں ہم بجاطور پر کہہ سکتے ہیں کہ چھوٹے چوہدری نے بڑے چوہدری تک کا سفر کامیابی سے طے کیاہے ۔

آخر میں حسب روایت لطیفہ پیش خدمت ہے
ایک صنعت کار نے اپنے ملازموں کو تیزی سے کام کرنے پر اکسانے کیلئے اپنی فیکٹری اور دفتر میں جگہ جگہ لکھوایا کہ ”آپ جو بھی سوچ رہے ہیں اسے آج ہی کرڈالیے “
کچھ دنوں بعد اس کے دوست نے اس مہم کا ردعمل پوچھا تو صنعت کار نے ٹھندی آہ بھر کر بتایا
کیا بتاﺅں کہ میرے ساتھ کیا ہوا میری فیکٹری کے مزدوروں نے اسی دن ہڑتال کا اعلان کردیا ،فیکٹری مینجر نے استعفیٰ دے دیا اور دوسری فیکٹری میں ملازمت اختیارکرلی اور میر اکیشئر 80لاکھ روپے لے کر فرار ہوگیا ۔۔۔

قارئین ہمیں یہ خطرہ ہے کہ کاروباری کامیابی حاصل کرنے والا چوہدری سعید تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی طرح سیاست میں آنے کے بعد ایسے ہی کسی حادثے کا شکار نہ ہوجائے ہماری نیک دعائیں ہر قابل تقلید پاکستانی اور کشمیر ی کے ساتھ ہیں ۔
Junaid Ansari
About the Author: Junaid Ansari Read More Articles by Junaid Ansari: 425 Articles with 337602 views Belong to Mirpur AJ&K
Anchor @ JK News TV & FM 93 Radio AJ&K
.. View More