حالیہ برسوں میں جہاں چین نے اپنے ہاں ماحول دوست ترقی پر
مرکوز ترقیاتی نقطہ نظر اپنایا ہے ،وہاں عالمی سطح پر بھی ماحول دوست ترقی
کو فروغ دینے کے لیے شراکت داریوں پر مبنی وژن کو مسلسل فروغ دیا ہے۔ اس کی
ایک عمدہ مثال بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو انٹرنیشنل گرین ڈویلپمنٹ کولیشن
بھی ہے ۔یہ اقدام سبز ترقی کے نئے تصور کے لئے چین کے عزم کی نشاندہی کرتا
ہے اور پائیدار کم کاربن طرز زندگی اور ری سائیکلنگ کے طریقوں کی وکالت
کرتا ہے۔ اس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ، ماحولیاتی تہذیب اور 2030 کے پائیدار
ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے حصول میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
یہ اقدام موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کے جواب کے طور پر ابھرا ہے۔ یہ
ایک سبز ترقیاتی ماڈل کو اپناتا ہے جس کا مقصد اقتصادی اور معاشرتی فوائد
کو زیادہ سے زیادہ بڑھانا جبکہ توانائی کی کھپت میں اضافے سے وابستہ بوجھ
اور منفی اثرات کو کم سے کم کرنا ہے۔ اس میں یا تو قابل تجدید توانائی کے
استعمال کو بڑھانا یا کاربن سے بھرپور توانائی کے ذرائع پر انحصار کو کم
کرنا شامل ہے۔
اپنی اصلاحات اور کھلے پن کے آغاز میں ، چین نے ترقی اور صنعت کاری کو آگے
بڑھانے کے لئے فوسل ایندھن پر بہت زیادہ انحصار کیا۔ بعد ازاں ایک بڑی
عالمی معیشت کی حیثیت سے چین نے اپنے ترقیاتی ماڈل کا ازسرنو جائزہ لیا اور
کم کاربن والے ماحول دوست ترقیاتی راستے کو اپنایا جو اقوام متحدہ کے 2030
کے پائیدار ترقیاتی اہداف میں بیان کردہ عالمی ترقیاتی ایجنڈے سے مطابقت
رکھتا ہے۔
چالیس سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے 170 سے زائد شراکت داروں پر مشتمل
اس اتحاد کا مقصد پائیدار ترقی، خاص طور پر ماحولیاتی استحکام کو بی آر آئی
کی پانچ اہم ترجیحات میں ضم کرنا ہےجن میں پالیسی مشاورت، بنیادی ڈھانچے سے
رابطہ سازی، بلا روک ٹوک تجارت، کیپیٹل فنانسنگ اور افرادی روابط ، شامل
ہیں۔
اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یو این ای پی) کی جانب سے بھی اس اقدام
کو نمایاں توجہ ملی ہے ، جس نے اس اقدام کو پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول
کے لئے بیلٹ اینڈ روڈ سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھانے میں وصول کنندہ ممالک کی
مدد کرنے کے لئے ایک قابل قدر موقع کے طور پر اجاگر کیا ہے۔ یہ تعاون عالمی
سطح پر سبز سرمایہ کاری کی حمایت کے لئے اقوام متحدہ اور چین کے مابین
مشترکہ کوششوں کے ذریعے سبز ترقی کو فروغ دیتا ہے۔
چین خطے کے ممالک کے ساتھ بھی فعال طور پر کام کر رہا ہے تاکہ چینی مہارت
اور ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کی توانائی کی منتقلی کو آسان بنایا
جا سکے۔ علاوہ ازیں ، ایک بڑے اور ذمہ دار ملک کی حیثیت سے چین دنیا کے کم
ترقی یافتہ خطوں کو بھی گرین ترقی کی جانب بڑھانے میں پیش پیش ہے۔
اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ چین نے افریقہ بھر میں صاف توانائی اور
بجلی کے گرڈ کے سینکڑوں منصوبوں پر عمل درآمد کیا ہے ، جس میں جنوبی افریقہ
، کینیا ، روانڈا اور اس سے آگے کے قابل ذکر اقدامات شامل ہیں۔ ان منصوبوں
نے زندگی کے حالات کو نمایاں طور پر بہتر بنایا ہے، صنعتی ترقی کو فروغ دیا
ہے، اور افریقی براعظم میں معاشی تنوع کے لئے نئے مواقع پیدا کیے ہیں.
یہ واضح ہے کہ، اندرون اور بیرون ملک ماحول دوست ترقی کے لئے چین کا عزم،
توانائی کی پائیداری کے حصول اور موسمیاتی چیلنجوں کے درمیان جامع ترقی کو
فروغ دینے کے لئے ایک تبدیلی کا خاکہ پیش کرتا ہے.ابھرتی ہوئی معیشتوں کی
ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ ایجنڈے کی حمایت کرتے ہوئے ، چین مالی وسائل
اور جدید تکنیکی حل تک مساوی رسائی کو یقینی بنا رہا ہے۔چین کا مستقل موقف
ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کاوشیں پائیدار ترقی اور آب و ہوا سے
متعلق اقدامات کے عالمی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی صلاحیت رکھتی ہیں، جو ایک
صاف ستھرے، زیادہ لچکدار اور خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھتی ہیں۔
|