سرخ جھنڈا ۔۔۔ عزمِ نو یا المیہ


پاکستان اور ایران کا رشتہ صرف جغرافیائی ہمسائیگی کا نہیں، بلکہ تہذیبی، دینی، ثقافتی اور تاریخی قربتوں کا آئینہ دار ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ ایران کے استحکام اور خودمختاری کی حمایت کی ہے، اور13 جون 2025 میں جب اسرائیل نے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کیا، تو حکومتِ پاکستان نے اس کھلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ یہ حملہ دراصل ایران کے خلاف نہیں، پوری مسلم دنیا کے وقار، آزادی اور خودمختاری کے خلاف ایک اعلانِ جنگ تھا۔

ایران اسرائیل کی طرح مصنوعی ریاست نہیں، نہ ہی مغرب کی کسی فیکٹری سے برآمد شدہ قوم ہے۔ ایران ایک قدیم تہذیب ہے — فردوسی، سعدی، رومی، خیام اور حافظ کی سرزمین۔ علم، حکمت، فن، فلسفہ اور خودداری کا وہ خزینہ جس نے قرنوں تک دنیا کو روشنی دی۔ ایران کی تاریخ میں کبھی غلامی کا باب نہیں لکھا گیا۔ یہ قوم جب جھکی تو اپنے رب کے سامنے، اور جب اٹھی تو استکبار کے خلاف۔

آج اسرائیل دنیا کے سامنے خود کو مظلوم ظاہر کر رہا ہے، یہ کہہ کر کہ ایران ایٹم بم بنا رہا ہے۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ اسرائیل کے پاس خود درجنوں ایٹمی ہتھیار موجود ہیں، اور اس کا ماضی فلسطین، شام، لبنان اور عراق جیسے ممالک پر بے شمار حملوں سے داغدار ہے۔ ایران پر حملہ اس کے ایٹمی پروگرام کا نہیں، بلکہ اس کے نظریے، غیرت اور مزاحمت کا دشمن ہے۔ اسرائیل جانتا ہے کہ ایک مضبوط، خودمختار اور نظریاتی ایران اس کے سامراجی خوابوں کا قبرستان بن سکتا ہے۔

افسوسناک امر یہ ہے کہ ایران کی اس عظیم مزاحمت کو اندرونی طور پر کمزور کرنے کے لیے دشمنوں کو کسی بڑی محنت کی ضرورت نہیں پڑی۔ ایران کے اندر وہ عناصر موجود ہیں جو دشمن کے آلہ کار بن کر ریاست کے خلاف نفسیاتی جنگ لڑ رہے ہیں۔ میڈیا، سوشل میڈیا، ثقافتی ادارے اور بعض این جی اوز کے ذریعے ایرانی قوم کو مایوسی، بے یقینی اور خلفشار کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ یہ غدار دشمن کے بیانیے کو داخلی زبان دے رہے ہیں، اور ایران کی اصل جنگ کو نظریاتی بحران میں بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اس عمل نے ایران کے اندر ایسے لوگ پیدا کر دیے ہیں جو اپنی ہی ریاست اور اپنے ہی ملک کے خلاف بر سر پیکار ہیں ، جس ریاست میں غدار پیدا ہو جائیں اس ریاست کے ساتھ عہی ہوتا ہے جو اسرائیل نے ایران کے ساتھ کیا ہے ۔ جب اسسرائیل کے جہاز فضا میں بلند تھے زمین پر انٹی ائر کرفٹ گنوں کو آرانے والے ایرانی موساد کے ایجنت تھے ، فوجی جرنیلوں اور سائنسدانوں کی موجدگی کی مخبری کرنے والی بھی اسرائیلی نہیں بلکہ کود ایرانی تھے جو بکے ہوئے تھے ۔

عراق نے اسرائیلی طیاروں کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے دی، شام کے نئے حکمران ریاض میں ٹرمپ کے ہاتھ پر بیعت کرچکے ہیں ، سعودی عرب بیانات دے کر خاموش ہو جاتا ہے، اور دیگر عرب ریاستیں خاموشی میں عافیت تلاش کر رہی ہیں۔ ایران نے اپنے انقلابی بیانیے میں "مرگ بر اسرائیل"، "مرگ بر امریکہ" کے ساتھ "مرگ بر آل سعود" جیسے نعرے شامل کر کے دشمن کی پہچان تو واضح کی، مگر ان نعروں نے اسے خطے میں سفارتی تنہائی کا شکار بھی بنایا۔

پاکستان کی ہمدردیاں آج بھی ایران کے ساتھ ہیں۔ حکومت اور عوام نے یکجہتی کا اظہار کیا ہے، مگر پاکستان سمیت کوئی بھی ملک اس وقت اتنی طاقت میں نہیں کہ وہ ایران کی عملی عسکری مدد کر سکے۔ دنیا معاشی دباؤ، سیاسی تناؤ اور سفارتی مجبوریوں میں جکڑی ہوئی ہے۔

ایران اس وقت ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے۔ اگر وہ دشمن کی لگائی آگ میں جل گیا تو یہ المیہ ہو گا، مگر اگر وہ اسی آزمائش سے نئی حکمت، نئے اتحاد، اور نئی قوت کے ساتھ نکلتا ہے تو یہ عزمِ نو ہو گا — ایک نئی صبح کا آغاز۔

تاریخ گواہ ہے، ایران نے ہمیشہ اپنی بقا کی جنگ اکیلے لڑی ہے، لیکن سر اٹھا کر لڑی ہے۔ اس کی مزاحمت، اس کا تہذیبی وقار، اور اس کا انقلابی نظریہ آج بھی مطلوموں کے لیے امید کا چراغ بن سکتا ہے — بشرطِ یہ کہ وہ اپنی صفوں میں چھپے دشمنوں کو پہچانے، اور اپنی قوت کو پختگی میں بدلے۔

اور سب سے بڑھ کر یہ کہ ایسا نعرہ لگانا بند کر دے جس پر عمل نہ کر سکتا ہوں ۔

جہان تک اس جنگ کا تعلق ہے یہ اسرائیل اور ایران دونوں کے لیے بقا کی جنگ ہو گی اسرائیل یہ جنگ ہار گیا تو نتین ہاھو اور اس کے ساتھی مجرمیں نشان عبرت بنیں گے اور ایران ہار گیا تو موجودہ قیادت کو پھانسیاں خود ایران والے دین گے ۔
ایران: المیہ یا عزمِ نو؟
فیصلہ خود ایران کے ہاتھ میں ہے۔
 

Dilpazir Ahmed
About the Author: Dilpazir Ahmed Read More Articles by Dilpazir Ahmed: 182 Articles with 191550 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.