شہدائ کے جنازے، گورنر ہاؤس میں میوزیکل شو اور بدلتے سیاسی معیار۔۔۔ آخر اس قوم کا بنے گا کیا؟

خیبر پختونخوا میں 11 نومبر کا دن پولیس فورس اور ان کے خاندانوں کے لیے ایک انتہائی دردناک دن تھا۔ کوہاٹ میں 10 جبکہ صوابی میں 2 پولیس اہلکار دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہوئے۔ گھروں میں صف ماتم بچھی تھی، خاندان اپنے پیاروں کے جنازے اٹھا رہے تھے اور پولیس فورس اپنے ساتھیوں کی قربانیوں پر سوگوار تھی۔لیکن اسی روز گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ کلچرل نائٹ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی، جس میں شرکائ کو موسیقی پر رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس ویڈیو نے ایک اہم سوال کھڑا کر دیا ہے کہ کیا ہمارے حکمرانوں اور ارباب اختیار کے نزدیک قومی سانحات اور انسانی جانوں کی قربانیوں کی کوئی اخلاقی اہمیت بھی باقی رہ گئی ہے؟

سوال یہ نہیں کہ ثقافتی تقریبات منعقد نہیں ہونی چاہئیں، نہ ہی کسی قوم کی ثقافت، موسیقی اور خوشیوں پر پابندی ہونی چاہیے۔ اصل سوال تقریب کے وقت اور حالات کا ہے۔ جب ایک ہی دن ملک کے محافظوں کے جنازے اٹھ رہے ہوں، ان کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہوں اور صوبہ دہشت گردی کے ایک اور سنگین واقعے سے دوچار ہو تو کیا گورنر ہاؤس میں منعقد ہونے والی تفریحی تقریب ملتوی نہیں کی جا سکتی تھی؟اگر گورنر ہاؤس کی انتظامیہ کا مؤقف یہ ہے کہ گورنر فیصل کریم کنڈی نے شہدائ کے جنازوں میں شرکت کی تھی تو یہ اپنی جگہ ایک قابل قدر عمل ہے، لیکن جنازے میں شرکت اور اسی روز سرکاری رہائش گاہ میں میوزیکل شو کے انعقاد کے جواز دو الگ معاملات ہیں۔ جنازے میں شرکت کرنے سے یہ سوال ختم نہیں ہو جاتا کہ سوگ کے دن تفریحی تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیوں کیا گیا؟

یہاں ایک اور اہم پہلو بھی قابل غور ہے۔ جب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پر پولیس شہدائ کے جنازوں میں عدم شرکت کے الزامات لگائے گئے تو ان کے سیاسی مخالفین نے اسے بے حسی اور شہدائ کی قربانیوں سے لاتعلقی قرار دیا۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا اصول صرف سیاسی مخالفین کے لیے ہوتے ہیں؟ کیا ایک ہی معاملے میں دو مختلف سیاسی معیار اختیار کیے جا سکتے ہیں؟اگر سابق صوبائی حکومت کی غلطیوں پر تنقید جائز تھی تو موجودہ گورنر راج کے ذمہ داران سے سوال کرنا بھی اتنا ہی جائز ہونا چاہیے۔ اقتدار کا چہرہ بدلنے سے اخلاقی ذمہ داریاں تبدیل نہیں ہو جاتیں۔

بدقسمتی سے ہمارا سیاسی اور معاشرتی رویہ بھی ایک عجیب تضاد کا شکار ہے۔ ایک دور میں اے این پی کی حکومت ختم ہوئی اور تحریک انصاف اقتدار میں آئی تو سیاسی تبدیلی کے جشن منائے گئے۔ پھر تحریک انصاف کی حکومت ختم ہوئی اور گورنر راج نافذ ہوا تو ایک مرتبہ پھر بعض حلقوں نے اسے خوشی اور جشن کا موقع بنا لیا۔ اب اگر کل گورنر راج ختم ہوتا ہے تو بعید نہیں کہ یہی حلقے ایک مرتبہ پھر نئی تبدیلی پر جشن مناتے نظر آئیں۔۔آخر ہم کب تک سیاسی حکومتوں کی تبدیلی کو اپنی فتح اور مخالف کی شکست سمجھ کر ناچتے رہیں گے؟ کیا عوام کی زندگی، امن و امان، روزگار، تعلیم، صحت اور پولیس اہلکاروں کی قربانیاں ہماری ترجیحات میں کبھی شامل ہوں گی؟

ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، لیکن دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والا پولیس اہلکار کسی ایک سیاسی جماعت کا کارکن نہیں ہوتا۔ وہ پورے صوبے، پوری قوم اور ریاست کا سپوت ہوتا ہے۔ اس کی قربانی کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کا ذریعہ بنانا بھی اتنا ہی قابل افسوس ہے جتنا اس کے سوگ کے دن غیر حساس طرز عمل اختیار کرنا۔ایک زمانے میں کسی گھر میں وفات ہو جاتی تو خاندان کے غم کا احترام کرتے ہوئے لوگ کئی دن تک گھروں میں ٹیلی ویژن اور تفریحی سرگرمیاں بند رکھتے تھے۔ آج صورت حال یہ ہے کہ ایک طرف شہدائ کے جنازے اٹھ رہے ہیں اور دوسری طرف سرکاری عمارت میں موسیقی اور رقص کی ویڈیوز سامنے آ رہی ہیں۔

یہ محض ایک تقریب کا معاملہ نہیں، یہ ہمارے اجتماعی شعور، سیاسی اخلاقیات اور حکمران طبقے کی ترجیحات کا سوال ہے۔گورنر ہاؤس انتظامیہ کو عوام کے سامنے وضاحت کرنی چاہیے کہ یہ تقریب کس مقصد کے تحت منعقد کی گئی، کیا اسے شہادتوں کے بعد ملتوی کرنے پر غور کیا گیا اور کیا سرکاری سطح پر اس موقع کی حساسیت کو محسوس کیا گیا تھا؟ آخر میں سوال صرف گورنر، وزیراعلیٰ یا کسی سیاسی جماعت سے نہیں، پوری قوم سے ہے اگر ہمارے محافظ اپنے بچوں، والدین اور خاندانوں کو چھوڑ کر وطن کے لیے جانیں قربان کرتے رہیں اور ہم ان کے جنازوں کے روز بھی اپنی سیاسی تقریبات، اقتدار کے جشن اور تفریحی سرگرمیوں میں مصروف رہیں تو پھر ہم کس قوم اور کس اجتماعی شعور کی بات کر رہے ہیں؟

روم جل رہا تھا اور نیرو بانسری بجا رہا تھا۔ افسوس کہ ہمارے ہاں کردار بدل جاتے ہیں، مگر منظر بار بار وہی دہرایا جاتا ہے۔سیاسی حکومتیں آتی جاتی رہیں گی، گورنر راج بھی ختم ہو جائے گا، مگر شہدائ کے بچوں اور خاندانوں کا دکھ باقی رہے گا۔ خدارا، ان کی قربانیوں کا کم از کم اتنا احترام تو کیجیے کہ ان کے سوگ کو سیاسی جشن اور تفریح کے شور میں گم نہ ہونے دیں۔


Musarrat Ullah Jan
About the Author: Musarrat Ullah Jan Read More Articles by Musarrat Ullah Jan: 1089 Articles with 851510 views 47 year old working journalist from peshawar , first SAARC scholar of kp , attached with National & international media. as photojournalist , writer ,.. View More