ڈھونڈتا پھرتا ہوں اے اقبال اپنے آپ کو

 پاکستانی قوم ہر سال 9نومبرکو شاعرِمشرق علامہ محمد اقبال کا یوم ولادت ملی جوش و جذبے سے مناتی ہے اس بار مصور پاکستان کا140واں یوم ولادت منایاجائے گا ان کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوگی صدر اور وزیر اعظم اس موقع پر اپنے پیغامات میں علامہ اقبال کی خدمات کو سراہیں گے ا ور قوم کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی تا کید بھی کریں گے ۔ شاعر مشرق کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سرکاری و غیرسرکاری تنظیموں کی طرف سے تقاریب بھی منعقد کی جائیں گی۔ 9نومبر 2016کا سورج بھی کوئی نئی تبدیلی لائے بغیر ڈوب جائے گا لیکن 9نومبر1877کا سورج ایک طرح سے منفرد تھا کیونکہ اس دن دنیا میں ایک ایسی ہستی نے آنکھ کھولی جس نے آگے چل کر مسلمانان ہند کو خواب غفلت سے جگایا اور انہیں غلامی کے اندھیروں سے نکال کر آزادی کی راہ دکھلائی برطانیہ کی یونیورسٹی میں اعلی تعلیم حاصل کرنے کے باوجود مغرب کے انداز و اطوارنے آپ کوذرہ بھر مرعوب نہ کیاکیونکہ آپ کی رگ رگ میں رب العالمین سے حد درجہ انسیت اور نبی کریمﷺ سے بے انتہا عشق بس چکا تھا ۔
خیرہ نہ کر سکا مجھے جلوہ دانش فرہنگ
سرمہ ہے میری آنکھ کا خاک ِ مدینہ ونجف

میونخ یونیورسٹی جرمنی سے پی ایچ ڈی کرنے اور یورپ کے دورے کے بعد جب آپ ہندوستان واپس تشریف لائے تو سقوط غرناطہ، بغداد کے المیے اور مسجد قرطبہ میں گزارے ہوئے لمحات نے آپ کوجھنجھوڑ کر رکھ دیا ادھر ہندوستان میں مسلمانوں کی حالت زار دیکھ کر آپ کا دل مزید کڑھ گیا۔ہندوؤ ں کی سازشوں اور انگریز حکمرانوں کی چال بازیوں کو محسو س کرتے ہوئے آپ نے مسلمانانِ ہند کو بیدار کرنے کا بیڑہ اٹھایا اور اپنی لازوال شاعری کے ذریعے انہیں خواب غفلت سے جگایا ۔1930میں خطبہ الہ آباد میں آپ نے مسلم اکثریتی علاقوں پر مشتمل ایک آزاد مسلم ریاست پاکستان کا تصور پیش کرتے ہوئے فرمایاـ"مجھے ایسا نظر آتا ہے کہ اور نہیں تو شمال مغربی ہندوستان کے مسلمانوں کو بالآخر ایک اسلامی ریاست قائم کرنا پڑے گی اگر ہم چاہتے ہیں کہ اس ملک میں اسلام بحیثیت تمدنی قوت زندہ رہے تو اس کے لیے ضروری ہے کہ مسلمان ایک مخصوص علاقے میں اپنی مرکزیت قائم کریں میں صرف ہندوستان میں اسلام کی فلاح و بہبود کے خیال سے ایک منظم اسلامی ریاست کے قیام کا مطالبہ کر رہا ہوں" ۔علامہ اقبال کا یہ مطالبہ بعد میں قرارداد پاکستان کی اساس بنا یہ قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت اور علامہ اقبال کی آفاقی شاعری کا ہی نتیجہ ہے کہ آج ہم آزاد فضا ؤں میں سانس لے رہے ہیں ہمارے اسلاف نے اس پاک وطن کے حصول کے لیے جو قربانیاں دیں ہیں کیا ہمیں ان قربانیوں کا ادراک ہے؟ ان معتبر ہستیوں نے ہمیں اتحاد اور تنظیم کا جودرس دیا ہے کیا ہم نے اس پر عمل پیرا ہونے کی کوشش کی ہے ۔ ان ہستیوں کی آنکھوں کو فرنگی جلوہ خیرہ نہ کر سکا لیکن ہماری آنکھیں مغربی تہذیب کے گلرنگ نظاروں سے ہٹتی ہی نہیں ۔ ہم نیــــــــــــــ'' خاص ہے ترکیب میں قوم رسول ہا شمی ''، کا سبق بھلا کر مغربی آقاؤں کے درپہ ماتھا ٹیکنے کو حکمرانی و کامرانی کا زینہ سمجھ لیا ہے ۔ آخر کب تک چند مفاد پرست عناصر اپنی جھوٹی انا کی تسکین کی خاطر امت مسلمہ کو اغیار کے ہاتھوں گروی رکھتے رہیں گے ؟فرقہ واریت کے نام پر کب تک اپنے ہی لوگوں کا خون بہایاجاتا رہے گا؟ پاکستانی قوم کب تک قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے حقیقی جانشینوں کے انتظار میں سرگرداں رہے گی؟بالا دست کب تک زیر دست طبقوں کا استحصال کرتے رہیں گے اورتاج و تخت کے شیدائی کب تک عوام کا خون چوستے رہیں گے ؟کون ہے جو اس قوم کی ڈوبتی ناؤ کو سہارادے کر اسے منزل تک پہنچائے یہاں تو سب اپنے اپنے مفادات کے شیش محلوں میں مقید ہیں۔
ڈھونڈتا پھرتا ہوں اے اقبال اپنے آپ کو
آپ ہی گویا مسافر آپ ہی منزل ہوں میں
Wakeel Sain
About the Author: Wakeel Sain Read More Articles by Wakeel Sain: 16 Articles with 14217 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.