اسلام آباد: طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کھانا کھانے کے بعد چائے لینے، چہل قدمی کرنے، پھل کھانے ، غسل کرنے، قیلولہ کرنے اور سگریٹ نوشی کرنے سے ہم اپنے لیے مسائل پیدا کرتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کھانے کے فوراً بعد اگر چائے پی جائے تو یہ ہمارے نظام ہضم پر خطرناک اثرات مرتب کرتے ہیں۔
خاص طور پر اگر ہمارے کھانے میں پروٹین شامل ہو تو چائے اس کے اجزا کو سخت کر دیتی ہے نتیجتاً یہ مشکل سے ہضم ہوتے ہیں۔ اسلیے کھانے سے ایک گھنٹہ قبل اور بعد میں چائے سے گریز کیا جائے۔
اسی طرح کھانے کے فوراً بعد چہل قدمی جسم میں تیزابیت پیدا کرتی ہے۔ کھانے اور چہل قدمی کے درمیان کم از کم آدھے گھنٹے کا وقفہ ہونا چاہیئے۔ کھانے کے فوراً بعد پھل کھانا بھی ہاضمے کے مسائل پیدا کرسکتا ہے۔ کھانا اور پھل کھانے کے درمیان بھی 30 سے 40 منٹ کا وقفہ ہونا چاہیئے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ غسل کرنا جسم میں خون کی روانی کو تیز کرتا ہے۔ ہاضمے کے عمل کے دوران خون آپ کے معدے کے گرد رواں رہتا ہے۔ اگر آپ کھانے کے فوراً بعد نہائیں گے تو خون کی روانی صرف معدے کے بجائے پورے جسم میں ہوگی اور یہ ہاضمہ کے عمل کو سست کرے گا۔
کھانے کے فوراً بعد قیلولہ کرنے یا لیٹنے سے بھی گریز کرنا چاہیئے۔
لیٹنے سے ہاضمہ کا جوس ہضم ہونے کے بجائے واپس معدے میں چلا جاتا ہے جو تیزابیت پیدا کرسکتا ہے لہٰذا کھانے کے فوراً بعد لیٹنے سے پرہیز کیا جائے۔ کھانے کے فوراً بعد سگریٹ پینا جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔