سیلاب بحالی سرگرمیاں، امدادی تنظیموں کے اجازت نامہ کے لیے نئی شرائط عائد

image

خیبر پختونخوا حکومت نے سیلاب تباہ کاریوں کے بعد بحالی سرگرمیوں میں حصہ لینے والی غیر سرکاری امدادی تنظیموں کے لیے نئی شرائط عائد کردی ہیں، غیر رجسٹرڈ تنظیموں کو اجازت نامہ شرائط کی تکمیل کے بعد جاری کیاجائے گا۔

محکمہ سماجی بہبود خیبر پختونخوا کی جانب سے بونیر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خوراک اور غیر خوراکی اشیاء کی تقسیم اور امدادی سرگرمیاں انجام دینے کے خواہشمند رجسٹرڈ ویلفیئر تنظیموں کے لیے این او سی جاری کرنے کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

محکمہ سماجی بہبود کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بحالی و آبادکاری بونیر کے زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں طے پایا کہ بونیر میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں منظم اور مربوط طریقے سے چلانے، مختلف تنظیموں کی خدمات کے دہرانے سے بچنے اور مستحق متاثرین تک مدد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے این او سی حاصل کرنے کا ایک خاص طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔

ہدایات کے مطابق، تنظیموں کو این او سی حاصل کرنے کے لیے ویلفیئر آرگنائزیشنز آرڈیننس 1961 کے تحت رجسٹرڈ تنظیموں کے لیے متعلقہ ڈسٹرکٹ آفسر سماجی بہبود سے حاصل کردہ اتھارٹی لیٹر لازمی ہوگا، اسی طرح دستخط اور مہر شدہ اشیاء کی فہرست سمیت دیگر دستاویز بھی فراہم کرنا ہوں گی، ویلفیئر آرگنائزیشنز آرڈیننس 1961 کے تحت رجسٹرڈ تنظیموں کا این او سی ڈسٹرکٹ آفس سماجی بہبود بونیر کے ذریعے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بحالی و آبادکار ی کی سفارش پر جاری کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ یہ ہدایات ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، مالاکنڈ، سوات، زیریں دیر اور پشاور سمیت بونیر سے ملحقہ تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ افسران سماجی بہبود کو بھیجی گئی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US