صوابی میں سرچ آپریشن مکمل، ملبے سے 41 نعشیں نکال لی گئیں

image

صوابی میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد جاری ریسکیو آپریشن تین روز میں مکمل کرلیا گیا، اس دوران ملبے سے اب تک 41 نعشیں نکال لی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر صوابی نصر اللہ خان کے مطابق صوابی کے دو مقامات دالوڑی اور سر کوی میں کلاؤڈ برسٹ کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں آنے والے سیلابی ریلے میں 20 سے زائد گھر بہہ گئے جبکہ ملبے تلے دب کر 41 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ مسلسل 3 روز سے جاری آپریشن کے بعد ملبے تلے دبی 41 نعشیں نکال لی گئیں، جن میں 37 نعشیں دالوڑی اور 4 سرکوی گائوں سے نکالی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام نعشوں کو ملبے سے نکال کر ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔

دوسری جانب ترجمان ریسکیو 1122 نے بتایا کہ صوابی کے علاقہ گدون دالوڑی میں سرچ آپریشن مکمل ہوگیا، آپریشن میں ہیوی مشینری اور جدید آلات استعمال کیے گئے۔

ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن میں 13 ایمبولینسز، 3 ڈیزاسٹر وہیکل اور 2 واٹر ریسکیو شامل ہیں جبکہ 3 فائر وہیکل، ریکوری وہیکل، 5 ایکسیویٹرز اور 2 لوڈرز آپریشن میں مصروف رہے۔ ترجمان ریسکیو نے مزید بتایا کہ 150 سے زائد ریسکیو اہلکار دن رات بلا تعطل آپریشن میں شریک رہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US