لیثرر لیگس گراس روٹ پر فٹبال کی ترقی کا رواں ماہ آغاز کررہا ہے‘ ریاض احمد
ایونٹ میں8 ٹیموں کی شرکت ‘ ابراہیم علی بھائی اسکول اورنگی 5پر جملہ مقابلے کھیلے جائیں گے
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) لیثرر لیگس اسکول کی سطح سے نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے
کیلئے رواں ماہ سے آغاز کررہا ہے جس پر عرصہ دراز سے کسی بھی سطح پر کوئی توجہ نہیں
دی گئی ۔جو حقیقی معنوں میں فٹبال کی ترقی کا ایک اہم ستوں ہے۔جس کے بغیر فٹبال کی
ترقی دیوانے کا خواب ہے۔ماضی میں سرکاری اسکولوں میں فٹبال کھیل کو اہمیت دی جاتی
تھی اور اسکولوں میں فٹبال کی بہترین ٹیمیں موجود ہوتی تھیں اور باقاعدگی کے ساتھ
انٹراسکول چمپئن شپ کا انعقاد کیا جاتا تھا۔انہی مقابلوں سے قیوم چنگیزی، ایوب ڈار،
علی نواز،کیپٹن محمد عمر، قادر بخش پتلا، غلام سرور سینئرجیسے قومی کپتان پاکستان
کو ملے لیکن عدم توجہی کے باعث یہ سلسلہ رک گیا بعدازاں پاکستان کی فٹبال تنزلی کا
شکار ہوگئی ۔ لیثرر لیگس نے دوبارہ اسکول کی سطح سے فٹبال کی ترقی کیلئے اقدامات کا
فیصلہ کیا ہے ۔ جس کی ابتدا کراچی سے کی جائے گی بعدازاں اسے دیگر شہروں تک پھیلایا
جائے گا۔ پسماندہ ایریاز میں قائم سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں کے تعاون سے لیثرر
لیگس اپنے اہداف کو مکمل کرکے پاکستان کی فٹبال کو بام عروج بخشنے میں اپنا مثبت
اور تعمیری کردار ادا کرے گا۔ان خیالات کا اظہار ریاض احمد، ایریا منیجر، لیثرر
لیگس (پاکستان) نے انٹر اکیڈمی انڈر16 فٹسال کپ 2018کے افتتاحی میچ میں بحیثیت
مہمان خصوصی ابراہیم علی بھائی گورنمنٹ بوائز اینڈ گرلز پرائمری اینڈ سیکنڈری اسکول
، اورنگی ٹاؤن نمبر 5گراؤنڈ پرمعزز مہمانوں ،شائقین اور کھلاڑیوں کی ایک بڑی تعداد
کے سامنے کیا۔اس موقع پر پرنسپل عبدالحفیظ مہر ، ذاکر خان، انٹرنیشنل فاروق (کے پی
ٹی)، محمدفیاض ودیگر بھی موجود تھے۔چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی ذاکر خان کے مطابق
ایونٹ میں مختلف ایریا ز کی 8ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔ جنہیں 4,4کے 2گروپ میں تقسیم
کیا گیا ہے ۔ افتتاحی میچ میں اورنگی ریڈ نے ارکان اسپورٹس اکیڈمی کو 5-0کی کاری
ضرب لگائی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے ریاض بلوچ نے ہیٹ ٹرک اسکور کی جبکہ ایک ایک گول
بابر خان اور غفور نے اسکور کیا۔دوسرے میچ میں اورنگی سینٹر اور شمع مسلم اکیڈمی کا
مقابلہ 2-2سے برابر رہا۔ اورنگی سینٹرکیلئے فیصل اور غلام نبی جبکہ شمع مسلم کیلئے
دونوں گول صدام نے اسکور کئے۔ ریفری رضوان خان ، محمد فیاض، قاری آصف اور محبوب
تھے۔